سری لنکا کیخلاف دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز کے پہلے میچ میں گال میں قومی ٹیم کی پانچ وکٹیں گرنے کے بعد بیٹنگ لائن کو سہارا دینے والے سعود شکیل نے ایک منفرد اعزاز بھی اپنے نام کرلیا ہے۔
پاکستان ٹیم کے ٹیسٹ بیٹر سعود شکیل نے کیریئر کی ابتدائی 11 ٹیسٹ اننگز میں سب سے زیادہ رنز بنانے والے پاکستانی بلے باز کا اعزاز حاصل کرلیا ہے۔
سعود شکیل نے سری لنکا کے خلاف میچ میں 141 واں رن لے کر عبداللہ شفیق کو پیچھے چھوڑا کیونکہ گال ٹیسٹ میں 141 واں رن سعود کے کیریئر کا 721 واں ٹیسٹ رن تھا۔
سعود شکیل سے پہلے عبداللہ شفیق نے ابتدائی 11 اننگز میں 720 رنز بنائے تھے جبکہ پاکستان کے لیجنڈ جاوید میانداد نے کیریئر کی ابتدائی 11 اننگز میں 654 رنز بنائے تھے۔
یاد رہے کہ سری لنکا کیخلاف پاکستان کی بیٹنگ لائن مشکلات سے دوچار تھی، میچ کے دوسرے روز قومی ٹیم کی پانچ وکٹیں جلدی گرنے کے بعد سعودشکیل نے آغا سلمان کے ساتھ ملکر قومی ٹیم کو مشکلات سے نکالا۔
آغا سلمان 83 رنز بناکر واپس لوٹ گئے تاہم سعود شکیل نے شاندار 162رنز کی اننگ کھیل کر قومی ٹیم کو میچ میں برتری لینے کی پوزیشن میں پہنچادیا ہے۔