ایشیا کپ کے شیڈول کا اعلان ۔۔ پاک بھارت ٹاکرا کب اور کہاں ہوگا؟

image

پاکستان کرکٹ بورڈ کی مینجمنٹ کمیٹی کے چیئرمین ذکا اشرف نے ایشیا کپ 2023 کے شیڈول کا باضابطہ اعلان کردیا ہے۔

پی سی بی کے مطابق ہائبرڈ ماڈل کے تحت پاکستان 4 میچوں کی میزبانی کرے گا جس میں ایک سپر فور مرحلے کا میچ بھی شامل ہے۔ ملتان میں ایک اور لاہور میں 3 میچز کھیلے جائیں گے۔

پاکستان کی میزبانی میں ایشیا کپ کا افتتاحی میچ پاکستان اور نیپال کے درمیان 30 اگست کو ملتان میں کھیلا جائے گا۔ایونٹ کا فائنل 17 ستمبر کو کولمبو میں ہوگا۔

سری لنکا 9 میچز کی میزبانی کرے گا جن میں سے کینڈی میں تین اور کولمبو میں 6 میچز کھیلے جائیں گے۔پاکستان اور بھارت کا میچ 2 ستمبر کو سری لنکا کے شہر کینڈی میں کھیلا جائے گا۔

پاکستان اور بھارت سپر فور میں پہنچی تو ایک اور مقابلہ ہوگا اور دونوں ٹیموں نے فائنل تک رسائی حاصل کی تو اس ایونٹ میں تین بار مد مقابل آئیں گی۔

شیڈول کے اعلان کی تقریب لاہور میں منعقد ہوئی جس میں چیئر مین پی سی بی مینجمنٹ کمیٹی ذکا اشراف کے علاوہ سابق کپتان وقار یونس، محمد حفیظ، وہاب ریاض سمیت دیگر شخصیات نے شرکت کی۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین پی سی بی مینجمنٹ کمیٹی ذکا اشرف نے کہا کہ 15 سال بعد پاکستان میں انٹرنیشنل ٹورنامنٹ کا ہونا خوش آئند ہے۔تقریب میں ایشیا کپ 2023ء کی ٹرافی کی رونمائی بھی کی گئی۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US