انگلینڈ کے کپتان جوز بٹلر پاکستان کے خلاف تیسرا ٹی20 نہیں کھیل پائیں گے

image

انگلینڈ کرکٹ ٹیم کے کپتان جوز بٹلر پاکستان کے خلاف تیسرا ٹی20 میچ نہیں کھیل سکیں گے۔

خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق جوز بٹلر نے بدھ کو شیڈول ٹی20 انٹرنیشنل میچ سے قبل سکواڈ کو چھوڑ دیا ہے تاکہ وہ اپنی اہلیہ کے ساتھ رہیں، جو اپنے تیسرے بچے کو جنم دینے والی ہیں۔

انگلینڈ کے 33 سالہ کپتان جوز بٹلر نے ہفتے کو برمنگھم میں شاندار اننگز کھیلتے ہوئے 84 رنز بنائے تھے۔

بارش سے متاثر ہونے والی چار میچز کی اس سیریز میں انگلینڈ کو ایک صفر سے برتری حاصل ہے۔

جوز بٹلر کارڈف سٹیڈیم میں بدھ کو ہونے والے تیسرے ٹی20 میں شامل نہیں ہوں گے جبکہ نائب کپتان معین علی ان کی جگہ انگلینڈ کی قیادت کرنے کے لیے تیار ہیں۔

جمعرات کو لندن کے اوول سٹیڈیم میں اختتام پذیر ہونے والی یہ سیریز ویسٹ انڈیز اور امریکہ میں ہونے والے ٹی20 ورلڈ کپ کے وارم اپ میچز کے طور پر دیکھی جا رہی ہے، جس میں موجودہ چیمپئن انگلینڈ چار جون کو بارباڈوس میں سکاٹ لینڈ کے خلاف ٹائٹل کے دفاع کا آغاز کرے گا۔

انگلینڈ کے فاسٹ بولر جوفرا آرچر کو اوول فائنل سے قبل کارڈف سٹیڈیم میں ہونے والے میچ میں آرام دیا جا سکتا ہے۔

سنہ 2019 میں انگلینڈ کو ون ڈے ورلڈ کپ جتوانے میں نمایاں کردار ادا کرنے والے جوفرا آرچر کہنی کی انجری کا شکار ہیں۔ انہوں نے پاکستان کے خلاف ایجسٹن میں دو وکٹیں لے کر بین الاقوامی کرکٹ میں اپنی واپسی کو ممکن بنایا۔


News Source   News Source Text

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Get Alerts