امریکہ اور آئرلینڈ کا میچ بارش کے باعث منسوخ، پاکستان ٹی20 ورلڈ کپ سے باہر

image
امپائرز نے امریکہ اور آئرلینڈ کے درمیان بارش سے متاثرہ میچ منسوخ کرنے کا اعلان کردیا ہے جس کے بعد پاکستان ٹی20 ورلڈ کپ سے باہر ہو گیا ہے۔

فلوریڈا کے سینٹرل برورڈ ریجنل پارک سٹیڈیم ٹرف گراؤنڈ میں یہ میچ پاکستانی وقت کے مطابق شام ساڑھے سات بجے شروع ہونا تھا تاہم گیلی آؤٹ فیلڈ کے باعث میچ کا آغاز ہی نہیں ہوسکا۔

فیلڈ امپائرز نے تین مرتبہ آؤٹ فیلڈ کا معائنہ کرنے کے بعد میچ کی منسوخی کا اعلان کیا جس کے بعد امریکہ اور آئرلینڈ کو ایک ایک پوائنٹ مل گیا ہے۔

اس کے ساتھ ہی امریکہ نے پانچ پوائنٹس کے ساتھ سپر ایٹ مرحلے کے لیے کوالیفائی کر لیا ہے۔

امریکہ کی اگلے مرحلے تک رسائی کے ساتھ ہی آئرلینڈ کی ٹیم بھی میگا ایونٹ سے آؤٹ ہوگئی ہے۔

دوسری جانب پاکستانی ٹیم کی نظریں بھی فلوریڈا کے موسم پر مرکوز تھیں، تاہم اس میچ کے منسوخ ہونے کے نتیجے میں پاکستانی ٹیم کا ورلڈ کپ میں سفر اختتام کو پہنچ گیا ہے۔

واضح رہے کہ پاکستانی ٹیم نے ٹی20 ورلڈ کپ میں تین میچز کھیلے جن میں سے ایک میں اسے کامیابی حاصل ہوئی جبکہ دو میں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔

امریکہ اور انڈیا کے خلاف کھیلے گئے میچز میں پاکستان کو ناکامی کا سامنا کرنا پڑا تھا جبکہ کینیڈا کے خلاف میچ پاکستان نے سات وکٹوں سے جیت لیا تھا۔

رواں ایونٹ میں اپنا سفر تمام کرنے والی پاکستان اور آئرلینڈ 16جون کو اختتامی میچ میں مدمقابل آئیں گی۔

 


News Source   News Source Text

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Get Alerts