پاکستان قابل ٹیم ہے، مستقل مزاجی کے لیے حل نکالوں گا: جیسن گیلیسپی

image

پاکستان کی ٹیسٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ جیسن گیلیسپی نے کہا ہے کہ پاکستان قابل ٹیم ہے اور وہ امید کرتے ہیں کہ وہ ٹیم کی مستقل مزاجی کے لیے حل نکالیں گے۔

اتوار کو کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے جیسن گیلیسپی نے کہا کہ ’بہت سے لوگ پاکستانی ٹیم کی بہتری کی بات کر رہے ہیں۔ اگر آپ پروفیشنل کرکٹر ہیں تو آپ کو مکمل طور پر فٹ ہونا پڑے گا۔‘ 

انہوں نے کہا کہ ’میں نے شان مسعود سے کئی مرتبہ بات کی ہے۔ میں پاکستانی ٹیم کو اصلی پاکستانی ٹیم کی طرح کھیلتا دیکھنا چاہتا ہوں۔ مجھے مثبت کھیل پسند ہے۔‘ 

ٹیسٹ کوچ نے مزید کہا کہ ’میں نے گیری کرسٹن (وائٹ بال کوچ) سے بھی بات کی ہے۔ انٹرنیشنل شیڈول کی وجہ کھلاڑیوں کو مینیج کرنا پڑے گا۔ میں گیری کو اجازت دوں گا کہ وہ وائٹ بال ٹیم کو دیکھیں۔ ہمارا کام پاکستان کرکٹ کی بہتری کے لیے مل کر کام کرنا ہے۔‘

ہوم سیزن میں ابرار احمد کے ساتھ کسی دوسرے سپنر کو کھلانے پر جیسن گیلیسپی نے کہا کہ ’انفرادی طور پر سلیکشن پر ہم بیٹھیں گے اور اس معاملے کو دیکھیں گے۔ بنگلہ دیش کے خلاف ٹیسٹ میچز پر ہم پچز کو دیکھ کر سکواڈ سلیکٹ کریں گے۔‘

بابر اعظم کی ٹی20 کرکٹ میں کپتانی کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ ’وائٹ بال کرکٹ میں سلیکشن پر میرا کوئی اختیار نہیں ہے۔ مجھے علم ہے کہ پاکستان کا ورلڈ کپ میں سفر اچھا نہیں گزرا۔ میری توجہ ریڈ بال کرکٹ ہے۔‘

انہوں نے مزید کہا کہ ’ہمارا ہدف میچ جیتنا اور دوسری ٹیموں کے خلاف پرفارم کرنا ہے۔‘ 

جیسن گیلیسپی نے کہا کہ ’میں نے شان مسعود سے کئی مرتبہ بات کی ہے۔‘ (فوٹو: اے ایف پی)

خیال رہے کہ پاکستان نے 25-2024 کے ہوم سیزن میں سات ٹیسٹ میچ کھیلنے ہیں۔

پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان دو ٹیسٹ میچز پر مشتمل سیریز کا پہلا میچ 21 اگست سے راولپنڈی میں کھیلا جائے گا۔

دونوں ٹیموں کے درمیان سیریز کا دوسرا میچ 30 اگست سے کراچی میں کھیلا جائے گا۔

پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان تین ٹیسٹ میچوں پر مشتمل سیریز کا آغاز 7 اکتوبر سے ملتان میں ہوگا۔

سیریز کا دوسرا میچ 15 اکتوبر سے کراچی جبکہ تیسرا میچ 24 اکتوبر سے راولپنڈی میں کھیلا جائے گا۔

اس سیریز کے بعد پاکستان جنوری میں ویسٹ انڈیز کی دو ٹیسٹ میچوں پر مشتمل سیریز کے لیے نمائندگی کرے گا۔

پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان پہلا ٹیسٹ میچ 16 جنوری سے کراچی جبکہ دوسرا ٹیسٹ 24 جنوری سے ملتان میں کھیلا جائے گا۔


News Source   News Source Text

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Get Alerts