ضلع مانسہرہ میں بچے کالزرہ خیز قتل کرنے والے سفاک ملزم کا دوران تفتیش اعتراف جرم کرتے ہوئے مقتول کا سر اور آلہ قتل بھی برآمد کر ادیا۔
واقعات کے مطابق مانسہرہ میں نانا کے گھر آئے 9 سالہ سفیان کو بے دردی سے قتل کر دیا گیا تھا، کراچی سے آئے سفیان کو تین دن قبل قتل کر کے اس کا سر دھڑ سے الگ کر دیا گیا تھا۔
پولیس کے مطابق تھانہ بفہ کی حدود اچھڑیاں کیمپ میں افسوسناک واقعہ پیش آیا، جہاں مورخہ 21جولائی کو گھر سے نکل کر جانے والے سفیان ولد جاوید کا دھڑ ملا تھا۔
پولیس نے مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کی اور ملزم کو گرفتار کرلیا، پولیس کے مطابق ملزم نے دوران تفتیش اعتراف جرم کرلیا اور اس کی نشاندہی پر آلہ قتل بھی برآمد کر لیا گیا۔
پولیس کے مطابق تفتیشی ٹیم نے ملزم کی نشاندہی پر بچے کا سر بھی پہاڑ کی چوٹی سے برآمد کرلیا جسے جنازے کے بعد بچے کی قبر کشائی کر کے دھڑ کے ساتھ دفن کر دیا گیا۔
مقتول کا سر ملنے کے بعد ماں پر غشی کے دورے پڑ رہے ہیں اور اس کی حالت غیر ہے، مقتول کے نانا نے وزیر اعظم اور وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا سے فوری انصاف فراہم کرنے کی اپیل کی ہے۔
یاد رہے کہ مقتول کا سربریدہ دھڑ گذشتہ روز علی الصبح اچھڑیاں کیمپ کے قریب سے برآمد ہوا تھا۔ پولیس قتل کے محرکات جاننے کے لیے ملزم سے مزید تفتیش کررہی ہے۔