ٹاس جیتتے تو ہم بھی پہلے بیٹنگ ہی کرتے.. پاک بھارت ٹاکرا ! ایشیا کپ ہوگا کس کے نام؟

image

ایشیا کپ ٹی ٹوئنٹی 2025ء کا فیصلہ کن معرکہ دبئی کرکٹ اسٹیڈیم میں سجا ہے جہاں ایک مرتبہ پھر روایتی حریف پاکستان اور بھارت فائنل میں آمنے سامنے ہیں۔ یہ دونوں ٹیمیں اس اسٹیڈیم میں تیسری بار فائنل کھیل رہی ہیں، جس نے شائقین کے جوش کو مزید بڑھا دیا ہے۔

ٹاس کے وقت پاکستان کے کپتان سلمان علی آغا اور بھارتی کپتان سوریا کمار یادیو میدان میں اترے۔ سوریا کمار نے سکہ اپنے حق میں گرایا اور پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔ دلچسپ بات یہ رہی کہ اس موقع پر دونوں کپتان ایک دوسرے سے مصافحہ کرنے سے گریزاں نظر آئے۔ سلمان علی آغا نے ٹاس کے بعد پاکستانی پریزنٹر سے جبکہ سوریا کمار نے بھارتی پریزنٹر سے گفتگو کی۔

پاکستان نے بنگلادیش کے خلاف کھیلی گئی کامیاب ٹیم کو ہی فائنل میں اتارنے کا فیصلہ کیا ہے۔ دوسری جانب بھارت نے اپنی ٹیم میں تبدیلی کرتے ہوئے ارشدیپ اور ہرشیت کی جگہ رنکو سنگھ اور شیوم دبوے کو شامل کر لیا ہے۔

ٹاس کے بعد گفتگو کرتے ہوئے پاکستانی کپتان کا کہنا تھا کہ وکٹ میں زیادہ فرق نظر نہیں آ رہا، ہم ٹاس جیتتے تو بھی بیٹنگ کو ہی ترجیح دیتے۔ قومی ٹیم کے کھلاڑیوں میں صاحبزادہ فرحان، فخر زمان، صائم ایوب، سلمان علی آغا، حسین طلعت، محمد نواز، فہیم اشرف، محمد حارث، شاہین شاہ آفریدی، حارث رؤف اور ابرار احمد شامل ہیں۔

اعداد و شمار کے مطابق ستمبر 2022ء کے بعد سے دونوں ٹیمیں پانچ بار ایک دوسرے کے خلاف کھیل چکی ہیں، جن میں سے چار بار بھارت نے کامیابی حاصل کی جبکہ صرف ایک میچ پاکستان کے حصے میں آیا۔

اس بڑے معرکے کو دیکھنے کے لیے ملک بھر میں جگہ جگہ بڑی اسکرینیں نصب کر دی گئی ہیں۔ شائقین کرکٹ کا جوش نقطہ عروج پر ہے اور وہ امید کر رہے ہیں کہ پچھلے دو میچوں کی ناکامی کے بعد قومی ٹیم اس بار روایتی حریف کے خلاف بھرپور کارکردگی دکھائے گی۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US