آج جب پاکستان اور بھارت کے درمیان آئی سی سی ویمنز ورلڈ کپ کے میچ کا ٹاس ہوا تو ایک حیران کن واقعہ پیش آیا جب دونوں کپتانوں نے ٹاس کی غلط کال پہ میچ ریفری کے ساتھ کوئی مدعا نہیں اٹھایا۔
ٹاس کی ویڈیو کلپ میں صاف سنائی دیتا ہے کہ پاکستان کی کپتان فاطمہ ثنا نے ٹیلز کی کال دی اور پھر میچ ریفری نے کہا کہ ہیڈز آیا ہے اور پھر فاطمہ ثنا سے ہی پوچھا کہ آپ بیٹنگ کریں گی یا فیلڈنگ جبکہ ٹاس بھارت کی کپتان ہرمن پریت کور نے جیتا تھا اور اسے فیصلہ کرنا چاہیے تھا کہ وہ بیٹنگ کریں گی یا فیلڈنگ۔
حیران کن بات یہ ہے جنوبی افریقہ کی میچ ریفری نے بھی ٹاس کراتے ہوئے اس بات کا کوئی نوٹس نہیں لیا اور بعد میں یہ ویڈیو کلپ سوشل میڈیا پر ایک موضوع بحث بنی ہوئی ہے کہ ایک ورلڈ کپ کے میچ میں اتنی بڑی غلطی کیسے ہو سکتی ہے؟
پریزنٹیٹر بھارت کی سابق کپتان ڈیانا اڈولجی نے بھی ٹاس پر اتنی بڑی غلطی کا نوٹس نہیں لیا۔ ویڈیو میں دیکھا اور سنا بھی جا سکتا ہے کہ میچ ریفری کہتی ہیں کہ فاطمہ ثنا کال کرے گی اور پاکستان کی کپتان ٹیلز کی کال کرتی ہیں اور اس کے بعد میچ ریفری کوائن اٹھاتے ہوئے کہتی ہے کہ ہیڈ آیا ہے ،اب بتائیں فاطمہ کیا کریں گی آپ؟۔
پاکستان اور بھارت کے میچ میں آج کولمبو کے پریم داس اسٹیڈیم میں تماشائیوں کی تعداد بھی بہت کم رہی۔