سلمان علی آغا کی کپتانی پر سلیکٹرز اور ہیڈ کوچ کا اتفاق

image

قومی ٹی ٹونٹی کرکٹ ٹیم کے کپتان سلمان علی آغا کی قیادت اور فارم کو لے کر قومی سلیکٹرز اور ہیڈ کوچ مائیک ہیسن نے پاکستان کرکٹ بورڈ کے سامنے موقف اختیار کیا ہے کہ کپتانی میں تبدیلی کا وقت نہیں ہے۔

ذرائع کے مطابق بعض حلقے سلمان علی آغا کو ٹی ٹونٹی ٹیم سے ہٹانے اور شاہین شاہ آفریدی کو دوبارہ کپتان بنانے کے لیے دباؤ ڈال رہے تھے جبکہ بابر اعظم کی واپسی کے لیے بھی کوششیں کی جا رہی تھیں۔

تاہم قومی سلیکٹرز عاقب جاوید، علیم ڈار، اظہر علی اور اسد شفیق اور ہیڈ کوچ مائیک ہیسن اس بات پر متفق ہیں کہ ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ سے پہلے کپتانی میں تبدیلی درست فیصلہ نہیں ہوگا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ سلمان علی آغا کی کپتانی میں ٹیم نے 30 میچز میں سے 17 جیتے ہیں حالیہ شارجہ ٹرائی سیریز میں فائنل تک رسائی حاصل کی اور سلمان علی آغا نے بھی بہترین بیٹنگ کی جبکہ ایشیا کپ میں ان کی فارم خراب تھی جسے سلیکٹرز ٹیم کی مجموعی کارکردگی کے ساتھ دیکھ رہے ہیں۔

سلیکٹرز اور ہیڈ کوچ نے بھارتی کپتان سوریا کمار یادو اور دیگر کھلاڑیوں کی مثالیں دیتے ہوئے کہا کہ فارم میں کمی کسی کھلاڑی کو باہر کرنے کی بنیاد نہیں بنتی۔

ذرائع کے مطابق چند دنوں میں حتمی فیصلہ لیا جائے گا کہ آیا سلمان علی آغا کپتان رہیں گے یا کوئی تبدیلی کی جائے۔ چیئرمین بھی اس بات کے حق میں نہیں کہ چند میچز یا ٹورنامنٹ کی بنیاد پر ٹیم میں مسلسل تبدیلیاں کی جائیں۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US