ارشد ندیم کے کوچ سلمان بٹ کو اسلامک سالیڈیرٹی گیمز میں شرکت کی اجازت

image

پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن اور پاکستان اسپورٹس بورڈ نے مایہ ناز جیولن تروور ارشد ندیم کو اپنے کوچ سلمان بٹ کو اسلامک سالیڈیرٹی گیمز میں لے جانے کی اجازت دے دی ہے۔

سلمان بٹ جو عرصہ سے ارشد ندیم کے کوچ رہے ہیں اور ان کے ساتھ بین الاقوامی مقابلوں میں جاتے رہے ان پر پاکستان ایتھلیٹکس ایسوسی ایشن نے 12 اکتوبر کو پابندی لگا دی تھی۔

سلمان بٹ پر عمر بھر کی پابندی لگائی تھی اور ان کو ایتھلیٹکس سے کوئی بھی رابطہ رکھنے پر منع کردیا تھا۔ان پر الزام تھا کہ انہوں نے پنجاب ایتھلیٹکس ایسوسی ایشن کے صدر ہوتے ہوئے آئین کی خلاف ورزی کی تھی۔

سلمان بٹ نے اس پابندی کے خلاف پاکستان اسپورٹس بورڈ میں اور پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن میں اپیل دائر کی تھی جو جو اب تک سنی جا رہی ہے۔آخری سنوائی میں پاکستان ایتھلیٹکس ایسوسی ایشن کے نمائندے نے اپنا کیس پیش کرنے کے لیے مزید وقت مانگا تھا۔

اس کے پیش نظر پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن نے سلمان بٹ کو اپنا کام جاری رکھنے کی اجازت دے دی۔ دوسری طرف ارشد ندیم نے بھی پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن سے درخواست کی تھی کہ سلمان بٹ کو ان کا کوچ رہنے دیا جائے اور ان کو اپنے کھیل پر پوری طرح توجہ رکھنے دیا جائے۔

یاد رہے کہ پاکستان ایتھلیٹک ایسوسی ایشن نے سلمان بٹ کے خلاف اس وقت کاروائی کی جب انہوں نے پاکستان اسپورٹس بورڈ کو ایک رپورٹ میں بتایا کہ ایتھلیٹک ایسوسی ایشن پچھلے ایک سال سے ارشد ندیم کے لیے کچھ نہیں کر رہی۔ ارشد ندیم اور ان کے کوچ سلمان بٹ اگلے ہفتے اسلامک سالیڈیرٹی گیمز کے لیے روانہ ہوں گے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US