کراچی کے علاقے بلاول ہاؤس چورنگی کے قریب سیف سٹی منصوبے کے کیمروں سے منسلک ڈسٹری بیوشن باکس چوری ہو گیا۔ واقعے کے بعد علاقے میں نصب متعدد کیمرے بند ہوگئے جبکہ حکام نے تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔
ڈی جی سیف سٹی اتھارٹی آصف اعجاز شیخ نے تصدیق کی کہ بلاول ہاؤس کے قریب کیمروں سے منسلک ڈی بی بکس چوری ہو چکا ہے جس کے نتیجے میں کیمرے غیر فعال ہوگئے۔ انہوں نے بتایا کہ باکس میں لاکھوں روپے مالیت کا سامان موجود تھا۔
ڈی آئی جی ساوتھ اسد رضا کے مطابق واقعے کے وقت یا تاریخ کا تعین ممکن نہیں ، ان کا کہنا تھا کہ عینی شاہدین اور دیگر شواہد کی مدد سے واقعے کے وقت اور ذمہ داروں کا تعین کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ ڈسٹری بیوشن باکس وزنی اور اونچا ہوتا ہے اسے کسی ایک شخص کا اٹھا کر لے جانا ممکن نہیں ممکنہ طور پر گاڑی کے ذریعے لے جایا گیا۔
عینی شاہدین کے مطابق ایک گاڑی میں موجود افراد کو باکس کے ساتھ چھیڑ چھاڑ کرتے دیکھا گیا تھا۔ ڈی آئی جی نے بتایا کہ سیف سٹی انتظامیہ نے 6 نومبر کو پولیس کو اطلاع دی تاہم ابتدائی طور پر کیمرے غیر فعال تھے۔