اسلام آباد جوڈیشل کمپلیکس حملہ: سہولت کار اور ہینڈلر گرفتار

image

اسلام آباد جوڈیشل کمپلیکس خودکش حملے کے سہولت کار اور ہینڈلر کو گرفتار کر لیا گیا۔

سیکیورٹی ذرائع کے مطابق جمعے کی شب سول انٹیلی جنس اداروں نے راولپنڈی میں بڑی کارروائی کرتے ہوئے دونوں ملزمان کو حراست میں لے لیا۔

اطلاعات کے مطابق سہولت کار کو راولپنڈی کے علاقے ڈھوک پراچہ سے جبکہ ہینڈلر کو خیبر پختونخوا سے گرفتار کیا گیا ہے۔

تحقیقات سے معلوم ہوا کہ خودکش حملہ آور نے متعدد بار جوڈیشل کمپلیکس کی ریکی کی تھی، جبکہ سہولت کار نے راولپنڈی کینٹ میں بھی اہم مقامات کا دورہ کیا۔

دونوں ملزمان کا تعلق خیبر پختونخوا سے بتایا جا رہا ہے، جنہیں ابتدائی تفتیش کے لیے نامعلوم مقام پر منتقل کردیا گیا ہے۔ سیکیورٹی اداروں نے کارروائی کرتے ہوئے واقعے کے محض 40 گھنٹوں کے اندر ملزمان کو گرفتار کرنے میں کامیابی حاصل کی۔

یاد رہے کہ منگل کے روز اسلام آباد کے سیکٹر جی الیون میں جوڈیشل کمپلیکس کے باہر خودکش دھماکا ہوا تھا، جس میں کم از کم 12 افراد جاں بحق اور 27 زخمی ہوئے تھے۔

وزیر داخلہ محسن نقوی کے مطابق حملہ آور کمپلیکس کے اندر داخل ہونا چاہتا تھا، مگر موقع نہ ملنے پر اس نے پولیس کی گاڑی کو نشانہ بنایا۔ دھماکا دوپہر 12 بج کر 39 منٹ پر کمپلیکس کے مرکزی گیٹ کے سامنے ہوا، جس کے بعد پولیس نے فوری طور پر علاقے کو گھیرے میں لے کر عدالتیں بند کر دی تھیں۔

سیکیورٹی اداروں کی جانب سے تفتیش کا دائرہ مزید وسیع کر دیا گیا ہے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US