سری لنکن ٹیم کو ریاستی سطح کی سیکیورٹی دی جا رہی ہے، محسن نقوی

image

سری لنکا کی ٹیم جو بڑی مشکل سے اس بات پر آمادہ ہوئی ہے کہ وہ پاکستان کا دورہ مکمل کرے گی ان کی سیکیورٹی 24 گھنٹے اب پاک فوج اور رینجرز کے نگرانی میں ہے۔

پاک فوج اور رینجرز کے جوان پولیس کے ساتھ مل کر سری لنکا کی ٹیم کہ ہر جگہ سیکیورٹی دیکھ رہے ہیں، چاہے وہ اسٹیڈیم ہو چاہے وہ ہوٹل ہو۔

سری لنکن ٹیم جو آج راولپنڈی میں پاکستان کے خلاف اپنا دوسرا ون ڈے انٹرنیشنل میچ کھیلے گی، کے کچھ کھلاڑی سیکیورٹی خدشات کی وجہ سے اپنے ملک واپس جانا چاہ رہے تھے، مگر دونوں ملکوں کی حکومتوں اور کرکٹ بورڈ نے مل کر ان کو یقین دہانی کرائی ہے کہ ان کو پاکستان میں کوئی خطرہ درپیش نہیں ہے اور ان کی سیکیورٹی کو مزید سخت کر دیا گیا ہے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین محسن نقوی نے راولپنڈی میں صحافیوں کو بتایا کہ ایک وقت پر ڈیفنس منسٹر خواجہ آصف اور فیلڈ مارشل عاصم منیر نے سری لنکا کے ڈیفنس منسٹر اور سیکریٹری سے بات چیت کی اور ان کو یقین دہانی کرائی کہ ان کی ٹیم کی سیکیورٹی ان کی پوری ذمہ داری ہے۔

سری لنکا کے کھلاڑیوں سے ان کے صدر نے بھی بات چیت کی اور ان کو دورہ جاری رکھنے کا مشورہ دیا۔

محسن نقوی نے بتایا کہ اب مہمان ٹیم کو ریاستی سطح کی سیکیورٹی دی جا رہی ہے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US