کوہاٹ میں محکمہ انسداد دہشت گردی اور پولیس نے انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے دوران فائرنگ کے تبادلے میں تین مطلوب اور سرگرم دہشت گردوں کو جہنم واصل کر دیا ہے۔
کوہاٹ پولیس تر جمان کے مطابق یہ آپریشن تھانہ ایم آر ایس کوہاٹ کی حدود میں کیا گیا۔آپریشن کے دوران، سکیورٹی فورسز اور دہشت گردوں کے درمیان شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا جس کے نتیجے میں تینوں دہشت گرد مارے گئے۔
ہلاک ہونے والے دہشت گردوں کی شناخت محمد قاسم ساکن ڈاک ، شاہد ساکن ڈاک اور ساحر عرف پاٹا ساکن طور چپر درہ آدم خیل کے ناموں سے ہوئی۔ تمام ہلاک ہونے والے دہشت گرد درہ آدم خیل کے سعد عرف شاہ گل تشکیل کے سرگرم عسکریت پسند تھے۔
مزید برآں ہلاک ہونے والا دہشت گرد ساحر عرف پاٹا طور چپر پوسٹ پر ہونے والے حملے کے مقدمہ نمبر 54 مورخہ 6 اکتوبر 2025 میں بھی نامزد تھا، جس میں بہادر کانسٹیبل حضرت عمر نے جام شہادت نوش کیا تھا۔
سکیورٹی فورسز نے عزم کا اظہار کیا ہے کہ امن و امان کو یقینی بنانے کے لیے دہشت گردوں کے خلاف کارروائیاں بلا امتیاز جاری رہیں گی۔