پاکستان کے سابق ٹیسٹ کپتان راشد لطیف نے پاکستان کرکٹ بورڈ اس کے عہدیداران اور متعلقہ افراد سے اپنے حالیہ بیانات پر غیر مشروط معافی مانگ لی ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ’ایکس‘ پر جاری بیان میں راشد لطیف نے اعتراف کیا کہ گزشتہ دنوں انہوں نے کچھ ایسے تبصرے کیے جو نہیں کرنے چاہیئے تھے۔ انہوں نے خاص طور پر اس بیان کو غلط قرار دیا جس میں انہوں نے کہا تھا کہ وکٹ کیپر بلے باز محمد رضوان کو غزہ کے لیے آواز اٹھانے کی وجہ سے نائب کپتانی سے ہٹایا گیا۔
راشد لطیف نے اپنے پیغام میں کہا کہ اگر ان کے بیانات سے پاکستان کرکٹ بورڈ، اس کے عہدیداران یا وابستہ افراد کو کوئی تکلیف پہنچی ہے تو وہ معذرت خواہ ہیں اور اپنے تمام متنازع بیانات واپس لیتے ہیں۔
یاد رہے کہ گزشتہ ہفتے نیشنل سائبر کرائم انویسٹیگیشن ایجنسی نے ان سے پوچھ گچھ کی تھی، جو پی سی بی کی جانب سے دائر کی گئی شکایت کے بعد عمل میں آئی۔ شکایت میں ان کے چند حالیہ بیانات کا حوالہ دیا گیا تھا۔