ایک بار پھر پاک۔بھارت آمنے سامنے؟ ٹی20 ورلڈ کپ گروپس منظرِ عام پر آگئے

image

آئندہ برس شیڈول بڑے کرکٹ ٹورنامنٹس میں پاکستان اور بھارت ایک بار پھر آمنے سامنے ہوں گے اور اس بار بھی دونوں روایتی حریف ایک ہی گروپ میں شامل کیے گئے ہیں۔ مئی کے بعد بھارت کی جانب سے پاکستان کے خلاف مختلف محاذوں پر پروپیگنڈا اور تنقید کے باوجود، عالمی کرکٹ میں روایتی حریفوں کا ٹکراؤ مستقل طور پر یقینی بنایا جا رہا ہے۔

ایشیئن انڈر 19 کپ، جو دسمبر میں شیڈول ہے کے گروپ اسٹیج میں بھی پاکستان اور بھارت کو ایک ہی پول میں رکھا گیا ہے۔ جس کا مقصد زیادہ سے زیادہ ناظرین، ریٹنگز اور براڈکاسٹنگ ریونیو کو یقینی بنانا ہے۔

ذرائع کے مطابق آئندہ سال فروری، مارچ میں بھارت اور سری لنکا میں ہونے والے آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2025 میں بھی پاکستان اور بھارت کو ایک ہی گروپ میں شامل کیا گیا ہے۔ بتایا جا رہا ہے کہ دونوں ٹیمیں نیدرلینڈز، نمیبیا اور یو ایس اے کے ساتھ ایک ہی گروپ میں ہوں گی، جبکہ پاک،بھارت میچ 15 فروری کو کولمبو میں شیڈول کیے جانے کی اطلاعات ہیں۔

اگرچہ آئی سی سی کی جانب سے ورلڈ کپ کے مکمل شیڈیول کا باقاعدہ اعلان 25 نومبر کو ممبئی میں متوقع ہے تاہم متعدد رپورٹس کے مطابق گروپنگ اور ابتدائی میچ پلان طے کیا جا چکا ہے۔

کرکٹ حلقوں میں یہ بات مانی جاتی ہے کہ پاکستان اور بھارت کے میچز عالمی سطح پر سب سے زیادہ دیکھے جانے والے مقابلے ہوتے ہیں، اور بڑے ٹورنامنٹس میں دونوں کو ایک ہی گروپ میں رکھا جانا براڈکاسٹرز کے بھاری مالی مفادات کا حصہ ہے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US