پاکستان کرکٹ بورڈ نے کرکٹ آسٹریلیا سے اگلے سال مارچ میں شیڈول تین میچز کی ون ڈے سیریز کو آگے کرنے کا کہا ہے۔
پی سی بی ذرائع کے مطابق 13 سے 19 مارچ تک ہونے والی ون ڈے سیریز کو اب پاکستان سپر لیگ کی 11ویں ایڈیشن کے بعد ری شیڈول کیا جائے گا۔
ذرائع نے بتایا کہ معاملہ ایسے ہی رہا تو پی ایس ایل اگلے سال مارچ اور مئی کے درمیان ہوگا ٹھیک اس وقت جب بھارت میں آئی پی ایل بھی کھیلا جاتا ہے۔اسی وجہ سے پی سی بی نے کرکٹ آسٹریلیا سے ون ڈے سیریز کی تاریخوں میں رد و بدل کا کہا ہے۔
ذرائع نے بتایا کہ آسٹریلیا نے پاکستان میں پہلے 30 جنوری اور پانچ فروری کے درمیان تین ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل کھیلنے ہیں جو ورلڈ کپ کی تیاری کا حصہ ہے اور اس کے بعد انہوں نے مارچ میں آکے ون ڈے میچز کھیلنے ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کیونکہ 2027 میں اگست کا ورلڈ کپ بھی ہونا ہے تو شاید یہ ون ڈے سیریز اب ورلڈ کپ کے قریب ہوگی۔
یاد رہے کہ ٹی ٹونٹی تین ملکی ٹورنامنٹ جو 29 نومبر کو راولپنڈی میں اختتام پذیر ہوگا اس کے بعد پاکستان ٹیم کے کھلاڑیوں کو دسمبر اور جنوری میں کوئی اور انٹرنیشنل میچ نہیں کھیلنا ہے اور ان میں سے بہت سارے پلیئرز دوسری لیگز میں کھیلنے جائیں گے۔
بابر اعظم، محمد رضوان، شاہین شاہ آفریدی، شاداب خان وغیرہ دسمبر میں آسٹریلیا میں ہونے والی بگ بیش لیگ میں ایک ساتھ پہلی دفعہ حصہ لیں گے۔