لاہور قلندرز پاکستان سپر لیگ کی پہلی فرنچائز بن گئی جنہوں نے اگلے 10 سال کے لیے پھر سے پاکستان کرکٹ بورڈ کے ساتھ معاہدہ کرلیا ہے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ نے آج اعلان کیا کہ لاہور قلندرز کی مینجمنٹ نے پھر سے ٹیم رکھنے اور پی ایس ایل میں کھیلنے کا فیصلہ کرلیا۔ پی سی بی میں پی ایس ایل کے سی ای او سلمان نصیر نے بتایا کہ لاہور قلندرز کی مینجمنٹ نے نئی قیمتوں پر فرنچائز کے رائٹس اگلے 10 سال کے لیے پھر سے لے لیے۔
پی سی بی نے چھ میں سے پانچ فرنچائزز کو کو نئی ویلیویشن کے ڈاکومنٹس بھجوائے تھے اور ان کو موقع دیا تھا وہ زیادہ فرنچائز فیس پر اگلے دس سال کا معاہدہ کرنا چاہتے ہیں یا نہیں۔
پی سی بی نے لاہور قلندرز کے فیصلے کو پاکستان کرکٹ کے لیے اور پی ایس ایل کے لیے خوش آئند قرار دیا ہے، چیئرمین محسن نقوی نے کہا کہ اس سے یہ بات ثابت ہوتی ہے کہ فرنچائزز کو پی ایس ایل اور پی سی بی پر کتنا بھروسہ ہے۔