کراچی کے علاقے لانڈھی اسپتال چورنگی کے قریب ٹریلر کی ٹکر سے موٹر سائیکل سوار نوجوان لڑکی بشریٰ بی بی جاں بحق ہوگئی۔
متوفیہ کے بھائی کا کہنا ہے کہ اس کی بہن کافی عرصے سے بائیک چلا رہی تھی، جبکہ وہ دس پندرہ سال سے فیکٹری میں ملازمت کررہی تھی۔ آج صبح فیکٹری سے گھر جارہی تھی کہ ٹریلر کی زد میں آگئی۔
متوفیہ کا تعلق پنجاب کے علاقے اوکاڑہ سے تھا، جبکہ اس کے چار بھائی اور تین بہنیں ہیں۔
متوفیہ کے بھائی کا کہنا تھا کہ وہ تدفین کے لیے میت پنجاب لے کر جارہے ہیں، انھوں نے پولیس سے انصاف دلانے کا مطالبہ کیا۔
دوسری جانب پی ٹی آئی کے رہنما رضوان خانزادہ نے حادثے پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے ذمہ دار ڈرائیور کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا۔ رضوان خانزادہ نے کہا کہ ٹریلر ڈرائیور اور مالک کو فوری گرفتار کر کے متاثرہ خاندان کو انصاف دیا جائے۔