کراچی: نیو ایئر نائٹ پر ماں اور 3 بچوں کے قتل کا معمہ حل، ملزم گرفتار

image

کراچی: ڈاکس پولیس نے مائی کلاچی روڈ پر ماں اور تین بچوں کے قتل کے ملزم مسرور حسین کو گرفتار کرلیا۔

پولیس کے مطابق ملزم مسرور حسین نے قتل کا اعتراف کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ خاتون مبینہ طور پر اس پر تعویذ اور گنڈے کرتی تھی، پریشان ہو کر خاتون اور بچوں کو قتل کیا۔

گرفتار ملزم نے پولیس کو بیان دیا کہ اس کی تقریباً 2 سال قبل انیلا سے دوستی ہوئی تھی اور اکثر وہ دونوں بوٹ بیسن پر ہی ملا کرتے تھے، ملزم کا کہنا تھا کہ وہ انیلا سے تنگ آچکا تھا اور اس نے اس سے کہا تھا کہ وہ اُسے چھوڑ دے، ملزم کے مطابق انیلا نے اسے چھوڑنے سے انکار کردیا تھا۔

ملزم نے پولیس کو بتایا کہ وہ انیلا کو وقوعہ والے روز بائیک پر اکیلے ہی لے کر گیا اور اسے قتل کرنے کے بعد دوبارہ گھر آکر اس کے بچوں کو بھی لے جاکر قتل کیا۔

قبل ازیں مقتولہ انیلا کے بھائی مصطفیٰ نے پولیس کو بیان دیا تھا کہ بہن سے ایک ہفتہ قبل آخری بار فون پر بات ہوئی تھی، 30 دسمبر سے بہن کا موبائل نمبر بند تھا، 2 روز قبل بہن کے گھر گیا تو تالا لگا ہوا تھا۔

مصطفیٰ نے مزید کہا کہ ڈھائی سال قبل بہن کو شوہر نے طلاق دے دی تھی۔ جس کے بعد انیلا بچوں کی کفالت کر رہی تھی، بھانجی اور دو بھانجے پڑھتے تھے، انیلا کھارادر کی رہائشی تھی۔

یاد رہے کہ 2 جنوری کو مائی کلاچی روڈ پر ریلوے پھاٹک کے قریب خشک مین ہول سے خاتون اور تین بچوں کی لاشیں ملی تھیں، ضابطے کی کارروائی کے بعد میتیں شناخت اور ورثا کی تلاش کے لیے ایدھی سرد خانے میں رکھوانے کے بعد سرکار مدعیت میں مقدمہ درج کرلیا گیا تھا۔

مقتولین کو تیز دھار آلہ کے وار کرکے قتل کیا گیا تھا، پولیس کے مطابق بعدازاں لاشوں کی شناخت 40 سالہ انیلا، 13سالہ کشور زہرہ، 13سالہ حسنین اور 10 سالہ کونین کے نام سے ہوگئی تھی۔

پولیس کا کہنا تھا کہ چاروں نیو ائیر نائٹ پر گھر سے نکلے تھے اور لاپتہ ہوگئے تھے۔ فیملی 4 روز قبل ہی کرائے کے فلیٹ میں کھارادر منتقل ہوئی تھی۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US