لاہور کے علاقے ہربنس پورہ میں گھریلو تنازع کے دوران ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا جہاں ملزم نے پیچ کس سے حملہ کر کے اپنی والدہ اور ہمسایہ خاتون کو قتل جبکہ دو لڑکیوں کو زخمی کر دیا۔
پولیس کے مطابق واقعہ کوٹلی پیر عبدالرحمن میں پیش آیا۔ حملے میں 70 سالہ کنیز فاطمہ اور 52 سالہ سلطانہ عمران موقع پر ہی جان کی بازی ہار گئیں، جبکہ 23 سالہ اقصیٰ اور 13 سالہ عارفہ زخمی ہو گئیں۔
ریسکیو ٹیموں نے زخمیوں کو فوری طور پر طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کیا جبکہ جاں بحق خواتین کی لاشیں پوسٹ مارٹم اور قانونی کارروائی کے لیے مردہ خانے منتقل کر دی گئیں۔
واقعے کی اطلاع ملنے پر پولیس، فرانزک ٹیم اور دیگر تحقیقاتی اداروں نے موقع پر پہنچ کر شواہد اکٹھے کیے اور تحقیقات کا آغاز کر دیا۔ پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے ملزم اورنگزیب کو آلۂ قتل سمیت گرفتار کر لیا۔