لاہور: تھانے میں ذہنی معذور لڑکی سے مبینہ زیادتی، اے ایس آئی گرفتار، تھانیدار سمیت 78 اہلکار معطل

image

لاہور کے تھانہ غازی آباد میں ذہنی معذور بھکاری لڑکی سے مبینہ زیادتی کے واقعے کے بعد سامنے آنے والی ابتدائی تحقیقات میں اہم انکشافات ہوئے ہیں، جبکہ واقعے پر سخت محکمانہ کارروائی کرتے ہوئے ایس ایچ او سمیت پورے تھانے کے عملے کو معطل کردیا گیا ہے۔

پولیس ذرائع کے مطابق ملزم اے ایس آئی عمران انور خاتون کو موٹر سائیکل پر تھانے لایا اور گیٹ پر موجود سنتری کو بتایا کہ خاتون ملزمہ ہے جسے تفتیش کے لیے لایا گیا ہے۔ بعد ازاں مبینہ طور پر اے ایس آئی خاتون کو انویسٹی گیشن روم نمبر 4 میں لے گیا، جہاں اس سے زیادتی کی گئی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ واقعے کے بعد ملزم خود ہی خاتون کو واپس چھوڑ کر آیا۔

پولیس کے مطابق خاتون کے اہل خانہ اس کے مبینہ اغوا کی درخواست دینے تھانے پہنچے تھے، تاہم اسی دوران انہیں اطلاع ملی کہ خاتون گھر واپس آ چکی ہے۔

واقعے کے بعد ملزم اے ایس آئی عمران انور کو گرفتار کرلیا گیا، جبکہ انچارج انویسٹی گیشن کو بھی معطل کردیا گیا۔ مزید برآں، ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران کی ہدایت پر ایس ایچ او سمیت تھانہ غازی آباد کے مجموعی طور پر 78 اہلکاروں کو معطل کرتے ہوئے محکمانہ کارروائی کا آغاز کردیا گیا ہے۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ واقعے کی مکمل تحقیقات جاری ہیں اور ذمہ داروں کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US