کسٹمز انفورسمنٹ نے ڈیرہ اسماعیل خان میں اسمگلنگ کے خلاف کارروائیوں کے دوران پانچ کروڑ اٹھارہ لاکھ روپے سے زائد مالیت کا اسمگل شدہ سامان ضبط کر لیا۔
کلکٹریٹ آف کسٹمز انفورسمنٹ پشاور کے تحت کسٹمز انفورسمنٹ ڈویژن ڈی آئی خان نے دو بیڈفورڈ ٹرکوں اور ایک ٹویوٹا آلٹس جی ایل آئی کار کو روکا، جن میں اسمگل شدہ ٹائرز، ادویہ اور مختلف برانڈز کی سگریٹیں موجود تھیں۔ غیر قانونی سامان کے ساتھ اسمگلنگ میں استعمال ہونے والی گاڑیاں بھی ضبط کرلی گئیں۔ اس کارروائی میں برآمد شدہ سامان اور گاڑیوں کی مجموعی مارکیٹ ویلیو چار کروڑ اٹھاسی لاکھ روپے بتائی گئی ہے۔
مزید ایک علیحدہ کارروائی میں مختلف مسافر بسوں سے اسمگل شدہ سگریٹ پیپر، سگریٹیں، ٹیفلون راڈز اور دیگر متفرق سامان برآمد کیا گیا، جس کی مالیت تقریباً تیس لاکھ روپے ہے۔
تمام کارروائیوں میں ضبط کیے گئے سامان اور گاڑیوں کی مجموعی مارکیٹ ویلیو پانچ کروڑ اٹھارہ لاکھ روپے بنتی ہے۔
ایف بی آر نے واضح کیا ہے کہ مؤثر انفورسمنٹ کے ذریعے اسمگلنگ کی روک تھام، جائز تجارت کے تحفظ اور قومی معیشت کے استحکام کے لیے کارروائیاں بلا تعطل جاری رکھی جائیں گی۔