کراچی کے علاقے نارتھ ناظم آباد کے فیملی پارک سے 3 سالہ بچے کے اغوا کی سی سی ٹی وی وڈیو سامنے آ گئی ہے۔ وڈیو میں ایک خاتون کو بچہ گود میں لیے باہر جاتے ہوئے دیکھا گیا ہے جبکہ ان کے ساتھ ایک شخص بھی موجود ہے جو لال جیکٹ پہنے ہوئے ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے بچے کی تلاش جاری ہے۔ واقعے کا مقدمہ اغوا کی دفعہ کے تحت تھانہ حیدری میں درج کیا گیا ہے، جس میں بچے کے کزن نے مدعیت اختیار کی ہے۔
مدعی کے مطابق 11 جنوری کو وہ اپنے 12 سے 13 کزنز کے ساتھ سیرو تفریح کے لیے بلاک ایف کے فتح پارک گئے تھے اور شام کو معلوم ہوا کہ ان کا 3 سالہ کزن محمد انس پارک میں موجود نہیں تھا۔
پولیس نے تحقیقات شروع کر دی ہیں اور عوام سے اپیل کی ہے کہ اگر کسی کے پاس بچے یا مشتبہ افراد کے بارے میں معلومات ہوں تو فوری طور پر متعلقہ حکام کو آگاہ کریں۔