ڈی جی آئی ایس پی آر کی جانب سے ونٹر انٹرن شپ پروگرام 2026 میں شریک طلبہ کے ساتھ ایک خصوصی نشست کا انعقاد کیا گیا، جس میں قومی سلامتی، داخلی و خارجی چیلنجز اور نوجوانوں کے کردار پر جامع اور واضح انداز میں گفتگو کی گئی۔
نشست کے دوران طلبہ نے اظہارِ خیال کرتے ہوئے کہا کہ معرکۂ حق کے دوران جس جرأت، استقامت اور پیشہ ورانہ مہارت کا مظاہرہ پاک فوج نے دشمن کے خلاف کیا، اسی طرح آج کے جدید دور میں نوجوانوں پر لازم ہے کہ وہ ڈیجیٹل محاذ پر دشمن کے پروپیگنڈے اور منفی بیانیے کا مؤثر انداز میں مقابلہ کریں۔
طلبہ نے اس بات پر زور دیا کہ سوشل میڈیا پر پھیلنے والی ہر خبر یا معلومات کو بغیر تصدیق قبول نہیں کیا جانا چاہیے، بلکہ مستند ذرائع سے تصدیق کرنا ہر باشعور شہری کی قومی ذمہ داری ہے۔
طلبہ کے مطابق اس نشست کے بعد حق اور باطل میں فرق مزید واضح ہو گیا ہے اور قومی معاملات پر ان کی فہم اور شعور میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ فتنۃ الہند اور فتنۃ الخوارج جیسے فتنوں کے خلاف سب سے مؤثر ہتھیار شعور، تحقیق اور سچائی پر مبنی مضبوط بیانیہ ہے۔
نشست کے اختتام پر طلبہ نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ ڈیجیٹل محاذ پر پاکستان کے مثبت بیانیے کے محافظ بن کر قومی مفادات کے دفاع میں بھرپور کردار ادا کریں گے۔