آزاد کشمیر: گرمائی تعلیمی اداروں کی تعطیلات میں 4 روز کی توسیع

image

آزاد جموں و کشمیر حکومت نے گرمائی زون میں آنے والے تعلیمی اداروں کی موسم گرما کی تعطیلات میں مزید چار روز کی توسیع کردی۔

محکمہ ایلیمنٹری اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق گرمائی زون کے تمام سرکاری و نجی تعلیمی ادارے 10 اگست سے 13 اگست 2026 تک بند رہیں گے۔

حکام کے مطابق تعطیلات میں توسیع کا اطلاق آزاد کشمیر کے تمام متعلقہ تعلیمی اداروں پر یکساں ہوگا، جبکہ نجی تعلیمی ادارے بھی اس فیصلے سے مستثنیٰ نہیں ہوں گے۔

ذرائع کے مطابق پونچھ ڈویژن کے اضلاع باغ اور حویلی میں 10 اگست کو ہونے والے انتخابات اور راولاکوٹ میں دھرنے کے باعث پیدا ہونے والی حساس صورتحال بھی تعطیلات میں توسیع کی وجوہات میں شامل ہے۔

نئے شیڈول کے تحت تعلیمی ادارے 13 اگست تک بند رہیں گے، جبکہ 14 اگست کو یوم آزادی پاکستان کے موقع پر سرکاری تعطیل ہوگی۔ اس کے بعد ہفتہ اور اتوار کی ہفتہ وار تعطیلات کے باعث تعلیمی سرگرمیوں کی بحالی 17 اگست کے بعد متوقع ہے، تاہم اداروں کے باقاعدہ کھلنے کا حتمی فیصلہ محکمہ تعلیم کی جانب سے جاری آئندہ ہدایات کے مطابق ہوگا۔

محکمہ تعلیم نے والدین، طلبہ اور اساتذہ کو ہدایت کی ہے کہ تعلیمی اداروں کے دوبارہ کھلنے سے متعلق حتمی معلومات کے لیے صرف سرکاری نوٹیفکیشنز اور محکمہ تعلیم کی ہدایات پر انحصار کریں۔


Click here for Online Academic Results

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US