پنجاب حکومت نے 24 اگست سے قبل سرکاری اور نجی اسکول کھولنے کی خبروں کی تردید کرتے ہوئے واضح کر دیا ہے کہ مقررہ تاریخ سے پہلے کسی بھی تعلیمی ادارے کو کھولنے کی اجازت نہیں ہوگی۔
وزیر تعلیم پنجاب رانا سکندر حیات نے تمام سرکاری و نجی اسکولوں کو ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ گرمیوں کی تعطیلات کے دوران کوئی بھی اسکول 24 اگست سے پہلے نہ کھولا جائے۔ انہوں نے کہا کہ تمام تعلیمی ادارے پہلے سے جاری شیڈول کے مطابق 24 اگست کو ہی دوبارہ کھلیں گے۔
رانا سکندر حیات کے مطابق تعطیلات کے دوران طلبہ کے تعلیمی نقصان کے ازالے کے لیے ایک ماہ پر مشتمل ریمیڈیئل لرننگ کیمپ کا اہتمام کیا گیا ہے، جہاں طلبہ کی سیکھنے کی کمی کو پورا کرنے کے لیے خصوصی تعلیمی سرگرمیاں جاری رہیں گی۔
وزیر تعلیم نے کہا کہ پنجاب بھر کے تمام سرکاری اور نجی اسکولوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ حکومتی شیڈول کی مکمل پابندی کریں اور 24 اگست سے قبل تدریسی سرگرمیاں شروع نہ کریں۔