پنجاب بھر کے اسکول موسم گرما کی تعطیلات کے بعد 24 اگست سے دوبارہ کھول دیے جائیں گے، اس حوالے سے صوبائی محکمہ تعلیم نے تمام ضروری انتظامات مکمل کرنے کی ہدایات جاری کردی ہیں۔
وزیر تعلیم پنجاب رانا سکندر حیات نے متعلقہ حکام کو اسکول کھلنے سے قبل صفائی، سیکیورٹی اور دیگر انتظامات مکمل کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ تمام تعلیمی اداروں میں طلبہ کے لیے محفوظ اور صحت مند ماحول یقینی بنایا جائے۔
انہوں نے اسکولوں کے کلاس رومز، واش رومز، کھیل کے میدانوں اور دیگر مقامات کی مکمل صفائی کرانے کے ساتھ صاف اور محفوظ پینے کے پانی کی فراہمی یقینی بنانے کی ہدایت کی۔
صوبائی وزیر تعلیم نے پانی کی ٹینکیوں اور اسکولوں کی چھتوں کی صفائی اور جراثیم کشی پر بھی زور دیا۔ مون سون کے پیش نظر تعلیمی اداروں میں نکاسی آب کے نظام کا معائنہ کرنے اور ڈینگی سے بچاؤ کے ایس او پیز پر سختی سے عملدرآمد کی ہدایت بھی کی گئی ہے۔
رانا سکندر حیات نے کہا کہ اسکولوں میں مچھروں کی افزائش کے ممکنہ مقامات ختم کیے جائیں، جبکہ زیر تعمیر یا مرمتی کام والے علاقوں کو طلبہ سے محفوظ رکھنے کے لیے مناسب رکاوٹیں قائم کی جائیں۔
اسکولوں میں بجلی کے نظام کی جانچ کے لیے پنکھوں، لائٹس، سوئچز، ساکٹس اور وائرنگ کا بھی معائنہ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے تاکہ طلبہ کو کسی بھی ممکنہ حادثے سے محفوظ رکھا جا سکے۔
وزیر تعلیم پنجاب نے سرکاری اور نجی اسکولوں میں سیکیورٹی ایس او پیز پر مکمل عملدرآمد یقینی بنانے اور تعلیمی ادارے کھلنے سے قبل سی سی ٹی وی کیمروں سمیت دیگر سیکیورٹی آلات فعال کرنے کی ہدایت کی ہے۔
انہوں نے کہا کہ اسکول دوبارہ کھولنے سے قبل تمام سربراہان ادارے کا حتمی معائنہ کریں، انتظامات میں غفلت، تاخیر یا جاری کردہ ہدایات پر عمل نہ کرنے کی صورت میں ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔