پنجاب کے مختلف تعلیمی بورڈز نے میٹرک سالانہ امتحانات 2026 کے نتائج کا اعلان کر دیا۔ لاہور، ملتان اور فیصل آباد بورڈز کے نتائج کے مطابق ہزاروں طلبہ و طالبات نے امتحان میں کامیابی حاصل کی، جبکہ مجموعی کامیابی کی شرح ہر بورڈ میں مختلف رہی۔
لاہور بورڈ کے مطابق میٹرک کے سالانہ امتحانات میں 2 لاکھ 82 ہزار 308 امیدواروں نے شرکت کی، جن میں سے ایک لاکھ 82 ہزار 186 کامیاب قرار پائے۔ اس طرح کامیابی کی مجموعی شرح 64.53 فیصد رہی، جبکہ تقریباً ایک لاکھ امیدوار امتحان میں کامیاب نہ ہو سکے۔
نتائج کے اعلان کی تقریب میں صوبائی وزیر تعلیم رانا سکندر حیات نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔ انہوں نے نمایاں کامیابی حاصل کرنے والے طلبہ و طالبات کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ یہ کامیابی ان کی مسلسل محنت، لگن اور اساتذہ و والدین کی رہنمائی کا ثمر ہے۔
اس موقع پر رانا سکندر حیات نے کہا کہ میٹرک کے نتائج کو مکمل طور پر ڈیجیٹل نظام سے منسلک کر دیا گیا ہے اور طلبہ اس بار اپنا نتیجہ کیو آر کوڈ کے ذریعے بھی دیکھ سکیں گے۔ انہوں نے بتایا کہ بورڈ کے تمام اہم نظام آن لائن کر دیے گئے ہیں، جس کے بعد طلبہ کو مختلف امور کے لیے بورڈ دفاتر کے چکر نہیں لگانا پڑیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ سپلیمنٹری امتحانات میں 100 فیصد اسکرین مارکنگ کو یقینی بنایا جا رہا ہے تاکہ شفافیت اور درستگی کو مزید بہتر بنایا جا سکے۔
ادھر ملتان تعلیمی بورڈ کے تحت میٹرک سالانہ امتحانات میں ایک لاکھ 33 ہزار 19 امیدوار شریک ہوئے، جن میں سے 96 ہزار 638 طلبہ و طالبات کامیاب قرار پائے۔ بورڈ کے مطابق کامیابی کی مجموعی شرح 72.65 فیصد رہی۔
فیصل آباد تعلیمی بورڈ کے نتائج کے مطابق ایک لاکھ 92 ہزار 925 امیدواروں نے امتحان دیا، جن میں سے ایک لاکھ 44 ہزار 89 امیدوار کامیاب ہوئے۔ بورڈ کی مجموعی کامیابی کی شرح 74.69 فیصد ریکارڈ کی گئی۔
فیصل آباد بورڈ کے سائنس گروپ میں ایک لاکھ 56 ہزار 633 امیدواروں نے امتحان میں حصہ لیا، جن میں سے ایک لاکھ 22 ہزار 947 کامیاب قرار پائے۔ سائنس گروپ میں کامیابی کی شرح 78.49 فیصد رہی، جو مجموعی نتائج کے مقابلے میں زیادہ ریکارڈ کی گئی۔