کشمیر کے ضلع پلوامہ سے تعلق رکھنے والی طالبہ سیرت جان کے بارے میں دعویٰ سامنے آیا ہے کہ انہوں نے صرف 21 دن میں مکمل قرآنِ مجید اپنے ہاتھ سے تحریر کیا۔ اس حوالے سے سوشل میڈیا پر بھی یہ دعویٰ گردش کر رہا ہے، تاہم بعض مقامی رپورٹس میں قرآنِ پاک تحریر کرنے کی مدت 23 دن بیان کی گئی ہے۔
مقامی کشمیری میڈیا اور اساتذہ سے منسوب معلومات کے مطابق سیرت جان نے دن رات محنت کرتے ہوئے قرآنِ مجید کے تمام 30 پارے ہاتھ سے لکھے۔ کم وقت میں اتنا بڑا کام مکمل کرنے کے دعوے نے سوشل میڈیا صارفین کی توجہ حاصل کی ہے۔
کشمیر میں قرآنِ مجید سے متعلق اس نوعیت کے دیگر واقعات بھی ماضی میں سامنے آچکے ہیں۔ گریز سے تعلق رکھنے والی 20 سالہ کلثوم بن مجید کے بارے میں رپورٹ ہوا تھا کہ انہوں نے 21 سے 25 دن میں قرآنِ مجید حفظ کیا، جبکہ اربین طاہر نے تقریباً 6 ماہ میں مکمل قرآنِ پاک ہاتھ سے خوبصورت خطاطی میں تحریر کیا تھا۔
اسی طرح شوپیاں کی منتحا مقصود کے بارے میں بھی رپورٹ سامنے آئی تھی کہ انہوں نے صرف 10 سال کی عمر میں 30 دن کے دوران قرآنِ مجید کے 30 پارے ہاتھ سے تحریر کیے۔