بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن (بی آئی ایس ای) پشاور نے میٹرک کے سالانہ امتحانات 2026 کے نتائج جاری کر دیے، جن میں ایک غیر معمولی رجحان سامنے آیا ہے۔ نتائج کے مطابق نویں اور دسویں جماعت میں سب سے زیادہ طلبہ اسلامیات کے مضمون میں ناکام ہوئے، جہاں فیل ہونے والوں کی تعداد تقریباً 10 ہزار تک پہنچ گئی۔
جاری کردہ نتائج کے مطابق نویں جماعت کے امتحانات میں مجموعی طور پر 97 ہزار 950 طلبہ و طالبات نے شرکت کی۔ ان میں سے 57 ہزار 847 امیدوار کامیاب قرار پائے اور انہیں دسویں جماعت میں ترقی دے دی گئی۔
اسلامیات جیسے لازمی مضمون میں بڑی تعداد میں طلبہ کی ناکامی نے تعلیمی حلقوں میں تشویش پیدا کردی ہے، جبکہ نتائج کے بعد اس غیر معمولی صورتحال کی وجوہات پر بھی سوالات اٹھائے جا رہے ہیں۔ بورڈ کی جانب سے دیگر مضامین کے نتائج بھی جاری کیے گئے ہیں، تاہم ناکامی کی سب سے زیادہ شرح اسلامیات میں ریکارڈ کی گئی۔