ایف آئی اے نے مختلف جرائم کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے حوالہ ہنڈی، انسانی اسمگلنگ اور جعلی کرنسی بنانے والے گروہ کے تین ملزمان کو گرفتار کر لیا ہے۔
ایف آئی اے کے ترجمان کے مطابق گرفتار شدگان کو ڈیرہ غازی خان، بہاولپور اور جہانیاں سے پکڑا گیا۔ کارروائی کے دوران کیمیکلز، پیپرز اور مختلف ڈیجیٹل آلات بھی برآمد کیے گئے، گرفتار ملزمان میں اللہ دتہ، نعیم الحسن اور محمد انس شامل ہیں۔
ملزم اللہ دتہ کو جعلی کرنسی بنانے میں ملوث پایا گیا،نعیم الحسن نے شہری کو دبئی میں ملازمت کا جھانسہ دے کر 10 لاکھ روپے ہتھیائے جبکہ محمد انس حوالہ ہنڈی کے کیس میں ملوث تھا اور اس کے قبضے سے 40 لاکھ روپے برآمد کیے گئے۔
ایف آئی اے نے مزید تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے اور گرفتار ملزمان کے خلاف مقدمات درج کر کے قانونی کارروائی کی جاری ہے۔