ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں شرکت کا فیصلہ حکومت کرے گی، محسن نقوی

image

پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین محسن نقوی نے واضح کیا ہے کہ قومی ٹیم آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں حصہ لے گی یا نہیں اس کا حتمی فیصلہ حکومت پاکستان کرے گی۔

لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے محسن نقوی نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف کی واپسی کا انتظار ہے، وہی بتائیں گے کہ اس معاملے میں کیا کرنا ہے کیونکہ پاکستان کرکٹ بورڈ آئی سی سی کے نہیں بلکہ اپنی حکومت کے جواب دہ ہے۔

انہوں نے آئی سی سی کے بنگلا دیش کو ورلڈ کپ سے باہر کرنے کے فیصلے کو غلط اور بنگلا دیش کرکٹ کے ساتھ ناانصافی قرار دیا۔ محسن نقوی کا کہنا تھا کہ کوئی ایک ملک یا کرکٹ بورڈ آئی سی سی میں کسی کو ڈکٹیٹ نہیں کر سکتا۔ اگر بھارت کو چیمپئنز ٹرافی کے میچز پاکستان میں نہ کھیلنے کی سہولت دی گئی تھی تو یہی رعایت بنگلا دیش کو بھی بھارت میں نہ کھیلنے کے معاملے پر دی جا سکتی ہے۔

چیئرمین پی سی بی نے کہا کہ بنگلا دیش کے ساتھ آئی سی سی کا رویہ منصفانہ نہیں اور آئی سی سی میں ہر بورڈ ممبر برابر ہے، کسی ایک بورڈ کو فیور نہیں کیا جا سکتا۔

محسن نقوی نے مزید کہا کہ پی سی بی کا اس پورے معاملے پر مؤقف بالکل واضح ہے اور پلان اے، بی اور سی سب تیار ہیں، صرف حکومت کے فیصلے کا انتظار ہے۔

انہوں نے کہا کہ اگر بنگلا دیش کرکٹ بورڈ نے سیکیورٹی خدشات کی بنیاد پر بھارت میں میچز منتقل نہ کرنے کی درخواست کی ہے تو وہ غلط نہیں۔ پاک بھارت معاملے پر جو فیصلہ ہوا تھا، وہی اصول بنگلا دیش کے لیے بھی لاگو ہونا چاہیے۔

آخر میں محسن نقوی نے کہا کہ اگر آئی سی سی میں ڈکٹیشن ہوئی تو پاکستان کی پالیسی اس پر بالکل واضح ہے اور پی سی بی ایسے کسی فیصلے کو قبول نہیں کرے گا۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US