سلمان علی آغا پاکستان ٹیم کی آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں قیادت کریں گے۔ پاکستان کرکٹ بورڈ نے اتوار کو ورلڈ کپ اسکواڈ کا اعلان کیا جس میں کوئی حیرت کرنے والی سلیکشن نہیں ہوئی ہے۔
قومی سلیکٹرز نے سارے انہی کھلاڑیوں کو چنا ہے جو پچھلی کئی سیریز سے قومی ٹیم کی نمائندگی کر رہے ہیں۔ صرف ٹیسٹ بالر محمد وسیم جونیئر کو ورلڈ کپ کی ٹیم میں نہیں رکھا گیا ہے جبکہ ان کو آسٹریلیا کے خلاف ہونے والی ٹی ٹوئنٹی سیریز کے لیے اسکواڈ میں رکھا گیا ہے۔
سلیکٹرز نے نوجوان بیٹسمین خواجہ نافع کو بھی ورلڈ کپ اسکواڈ میں رکھا ہے جنہوں نے اب تک پاکستان کی طرف سے سری لنکا میں صرف ایک میچ کھیلا ہے۔ پاکستان نے اپنے ورلڈ کپ اسکواڈ میں دو اسپیشلسٹ اسپنرز کا انتخاب کیا ہے، ابرار احمد اور عثمان طارق جبکہ آل راؤنڈ اسپنرز میں محمد نواز اور شاداب خان شامل ہے۔
پاکستان ورلڈ کپ اسکواڈ میں فہیم اشرف، خواجہ محمد نافع، محمد سلمان مرزا، صاحبزادہ فرحان، عثمان طارق، ابرار احمد، بابر اعظم، فخر زمان، محمد نواز، شاہین شاہ آفریدی، عثمان خان، صائم ایوب، شاداب خان اور نسیم شاہ شامل ہیں۔
پاکستان 7 فروری کو نیدرلینڈز کے خلاف ورلڈ کپ مہم کا آغاز کرے گا۔ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے میچز 7 فروری سے 8 مارچ تک ہوں گے۔
آسٹریلیا کے خلاف تین میچوں کی ٹی ٹوئنٹی سیریز سے تیاری کا آغاز ہوگا۔