پاکستانی بالر ایاز الرحمٰن نے پاکستان-چین فرینڈشپ ٹین پن بالنگ چیمپئن شپ 2026 جیت لی۔ فائنل مقابلے میں ایاز الرحمٰن نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 217 پوائنٹس حاصل کیے۔
چیمپئن شپ میں افضل اختر 186 پوائنٹس کے ساتھ دوسرے جبکہ دانیال اعجاز 172 پوائنٹس کے ساتھ تیسرے نمبر پر رہے۔ اسی طرح ہارون چوتھے اور محمد حسین چٹھہ پانچویں پوزیشن پر رہے۔
یہ دوستانہ چیمپئن شپ لیژر سٹی باؤلنگ کلب، صفا گولڈ ایف-7 مرکز، اسلام آباد میں کھیلی گئی، جس میں پاکستان اور چین کے 20، 20 کھلاڑیوں نے شرکت کی۔
افتتاحی تقریب میں نائجیریا کے سفیر و مشن کے سربراہ مصطفیٰ حسن، چینی سفارتخانے کے کونسلر چن پینگ، پاکستان اسپورٹس بورڈ کے ڈپٹی ڈائریکٹر جنرل، پاکستان ٹین پن باؤلنگ فیڈریشن کے پیٹرن شاہد اسلام، صدر محمد امجد حسن قریشی، جنرل سیکرٹری اعجاز الرحمٰن، کرنل (ر) کامران خالد جنجوعہ اور الطاف حسین نے شرکت کی۔
صدر پاکستان ٹین پن باؤلنگ فیڈریشن اور چیئرمین آرگنائزنگ کمیٹی اعجاز الرحمٰن نے چیمپئن شپ کی رپورٹ پیش کی، جبکہ تقریب میں مختلف فنکاروں اور گلوکاروں نے بھی اپنے فن کا مظاہرہ کیا۔
چیمپئن شپ کے دوران خواتین کے مقابلے جاری ہیں۔