اے این ایف کا کریک ڈاؤن، 2 خواتین سمیت 15 ملزمان گرفتار

image

انسدادِ منشیات فورس (اے این ایف) نے تعلیمی اداروں کے اطراف اور ملک کے مختلف شہروں میں منشیات اسمگلنگ کے خلاف بھرپور کارروائیاں کرتے ہوئے 11 مختلف آپریشنز کے دوران 2 خواتین سمیت 15 ملزمان کو گرفتار کر لیا ہے۔

ترجمان اے این ایف کے مطابق کارروائیوں کے دوران مجموعی طور پر 1 کروڑ 38 لاکھ روپے سے زائد مالیت کی 116.81 کلوگرام منشیات برآمد کی گئی۔

سیالکوٹ کے علاقے لوہاراں والا کھوہ کے قریب ایک ملزم کے قبضے سے 1.4 کلوگرام چرس برآمد کی گئی۔ گارڈن ٹاؤن لاہور میں دو موٹر سائیکل سوار ملزمان سے الیکٹرک فین ہیٹر میں چھپائی گئی 590 گرام ایکسٹیسی گولیاں اور 198 گرام ویڈ برآمد ہوئی۔ گرفتار ملزمان نے تعلیمی اداروں کے طلبہ کو منشیات فروخت کرنے کا اعتراف بھی کیا۔

علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ لاہور پر جدہ جانے والے ایک مسافر کے پیٹ سے 206 گرام وزنی 8 کوکین بھرے کیپسولز برآمد کیے گئے۔ ایک اور کارروائی میں جدہ جانے والے تین مسافروں کے پیٹ سے 428 گرام آئس اور 292 گرام ہیروئن بھرے کیپسولز برآمد ہوئے، جن میں دو خواتین بھی شامل ہیں۔

چکلالہ گیریژن راولپنڈی کے ایک کوریئر آفس میں آسٹریلیا جانے والے پارسل سے بیڈ شیٹ میں جذب شدہ 4.3 کلوگرام آئس برآمد کی گئی۔ ساہو چوک ملتان کے قریب ایک بس سے 54 کلوگرام چرس جبکہ ساہیانوالہ ٹول پلازہ کے قریب ایک گاڑی سے 26.4 کلوگرام افیون اور 1.2 کلوگرام چرس برآمد ہوئی۔

اسی طرح وہاڑی چوک ملتان کے قریب ایک گاڑی سے 9.6 کلوگرام چرس اور 2 کلوگرام آئس، جبکہ ظفروال روڈ نارووال پر موٹر سائیکل سوار ایک ملزم سے 6.4 کلوگرام چرس برآمد کی گئی۔ لاہور اور حیدرآباد کے کوریئر دفاتر سے بھی مختلف پارسلز میں چھپائی گئی چرس برآمد کی گئی ہے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US