سربیا کے شہرہ آفاق ٹینس اسٹار، ایونٹ کے فورتھ سیڈڈ اور24 گرینڈ سلام کے فاتح نوویک جوکووچ آسٹریلین اوپن ٹینس ٹورنامنٹ میں مردوں کے سنگلز مقابلوں کے کوارٹر فائنل میں پہنچ گئے۔
اے ایف پی کے مطابق مردوں کے سنگلز مقابلوں کے ٹاپ 16 رائونڈ میچ میں نوویک جوکووچ کے حریف کھلاڑی جمہوریہ چیک کے جیکب مینسک دستبردار ہوگئے اور سربین ٹینس اسٹار باآسانی کوارٹر فائنل میں پہنچ گئے۔
آسٹریلیا کے شہر میلبورن میں جاری 114 واں میگا ایونٹ میں مینز سنگلز مقابلوں کے ٹاپ 16 رائونڈ میچ میں سربیا کے شہرہ آفاق ٹینس اسٹار ، ایونٹ کے فورتھ سیڈڈ اور 24 گرینڈ سلام کے فاتح نوویک جوکووچ کا مقابلہ جمہوریہ چیک کے حریف کھلاڑی جیکب مینسک سے تھا جو پیٹ کے پٹھوں میں تکلیف کے باعث ایونٹ سے دستبردار ہوگئے۔ یوں جیکب مینسک کی دستبرداری کے بعد نوویک جوکووچ بغیر کھیلے کوارٹر فائنل میں پہنچ گئے، جہاں ان کا مقابلہ اٹلی کے ڈلورینزو موسیتی یا امریکا کے ٹیلر فرٹز سے ہوگا۔
واضح رہے کہ رواں ٹورنامنٹ میں شدید گرمی کھلاڑیوں کے لیے بڑا چیلنج بنی ہوئی ہے اور درجہ حرارت 42 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچنے کی پیش گوئی کی جا رہی ہے۔
اس سے قبل دو بار کی چیمپئن نائومی اوساکا بھی ایونٹ سے دستبردار ہوچکی ہیں، جبکہ دیگر کھلاڑیوں کو بھی سخت موسمی حالات کا سامنا ہے۔