بھارت اور نیوزی لینڈ کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان 5 ٹی-20 میچوں کی سیریز کا چوتھا میچ 28 جنوری کو اے سی اے وی ڈی سی اے کرکٹ اسٹیڈیم وشاکھاپٹنم میں کھیلا جائے گا۔
اسپورٹس ویب سائٹ کے مطابق بھارت کو مہمان نیوزی لینڈ کے خلاف پانچ میچوں کی سیریز میں 0-3 کی فیصلہ کن برتری حاصل ہے۔ میزبان بھارت نے کیوی ٹیم کو پہلے ٹی ٹوئنٹی میچ میں 48 رنز، دوسرے میچ میں 7 وکٹوں جبکہ تیسرے ٹی ٹوئنٹی میچ میں 8 وکٹوں سے شکست دی تھی۔
اس سے قبل دونوں ٹیموں کے درمیان کھیلی گئی تین ون ڈے میچوں کی سیریز میں مہمان کیوی ٹیم نے میزبان بھارتی ٹیم کو 1-2 سے شکست دی تھی۔
نیوزی لینڈ کی ٹیم اپنے دورہ بھارت کے دوران میزبان ٹیم کے خلاف تین ون ڈے اور پانچ ٹی ٹوئنٹی بین الاقوامی میچوں کی سیریز کھیلنا ہے جس میں سے ون ڈے سیریز مکمل ہوچکی ہے اور 5 ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میچوں کی سیریز کے تین میچز کھیلے جا چکے ہیں۔ چوتھا میچ 28 جنوری کو وشاکھاپٹنم جبکہ پانچواں اور آخری ٹی ٹوئنٹی میچ 31 جنوری کو تھیروواناتھاپورام میں کھیلا جائے گا۔