بنوں کے تھانہ ڈومیل کی حدود میں پولیس موبائل وین پر فتنہ الخوارج کی جانب سے حملہ کیا گیا تاہم پولیس کی بروقت کارروائی کے باعث حملہ ناکام بنادیا گیا۔
ترجمان بنوں پولیس کے مطابق فائرنگ کے تبادلے کے دوران 2 خوارج مارے گئے جبکہ ان کے قبضے سے اسلحہ بھی برآمد کرلیا گیا۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس لائنز بنوں سے اے پی سی، کوئیک رسپانس فورس اور ریپڈ رسپانس فورس کی اضافی نفری فوری طور پر جائے وقوعہ پر روانہ کردی گئی۔
پولیس کے مطابق تھانہ ڈومیل پولیس موبائل وین معمول کے گشت پر تھی کہ کمپنی روڈ کے قریب پہلے سے گھات لگائے بیٹھے فتنہ الخوارج کے عناصر نے اچانک پولیس پارٹی پر فائرنگ شروع کردی۔
پولیس جوانوں نے پیشہ ورانہ مہارت اور بہادری کا مظاہرہ کرتے ہوئے بھرپور جوابی کارروائی کی۔ حملے کے بعد پولیس اور دہشت گردوں کے درمیان تقریباً بیس منٹ تک شدید فائرنگ کا تبادلہ جاری رہا۔ علاقے میں سرچ آپریشن کے دوران 2 دہشت گردوں کی لاشیں برآمد ہوئیں جو اسپتال منتقل کردی گئیں۔واقعے کے بعد علاقے کو مکمل طور پر گھیرے میں لے کر سرچ اینڈ کلیئرنس آپریشن کیا جارہا ہے۔
ڈی آئی جی بنوں ریجن سجاد خان نے واقعے پر پولیس کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ بنوں پولیس نے ایک بار پھر ثابت کردیا ہے کہ وہ عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لیے ہر قیمت پر دہشت گردی کے خلاف ڈٹی ہوئی ہے۔ فتنہ الخوارج کے عناصر کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی کے تحت کارروائیاں جاری رہیں گی اور امن و امان خراب کرنے والوں کو کسی صورت معاف نہیں کیا جائے گا۔