شکارپور کے قریب ریلوے ٹریک پر دھماکا، جعفر ایکسپریس کی 2 بوگیاں پٹڑی سے اتر گئیں

image

شکارپور کے قریب ریلوے ٹریک پر دھماکا، جعفر ایکسپریس حادثے کا شکار، 2 بوگیاں پٹڑی سے اتر گئیں، وزیر داخلہ سندھ نے رپورٹ طلب کرلی۔

شکارپور کے قریب ریلوے ٹریک پر ہونے والے دھماکے سے کوئٹہ سے پشاور جانے والی جعفر ایکسپریس کی دو بوگیاں پٹڑی سے اتر گئیں۔ واقعہ کے بعد تحقیقات کا دائرہ وسیع کردیا گیا ہے۔ صوبائی وزیر داخلہ ضیاء الحسن لنجار نے واقعے کی تفصیلی رپورٹ طلب کرلی ہے۔

ریلوے حکام کے مطابق شکارپور کے قریب سلطان کوٹ کے مقام پر ریلوے ٹریک پر زور دار دھماکا ہوا، دھماکے کے باعث جعفر ایکسپریس کی دو بوگیاں پٹڑی سے اتر گئیں، حکام کا کہنا ہے کہ دھماکا عین اس وقت ہوا جب ٹرین جائے وقوعہ سے گزر رہی تھی۔

دھماکے سے ریلوے ٹریک کا پانچ سے سات فٹ حصہ شدید متاثر ہوا، حادثے کے بعد جعفر ایکسپریس کو جائے وقوعہ پر روک دیا گیا، اطلاع ملتے ہی قانون نافذ کرنے والے ادارے، بم ڈسپوزل اسکواڈ اور ریلوے عملہ موقع پر پہنچ گیا، ابتدائی اطلاعات کے مطابق دھماکے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا، ٹرین کوئٹہ سے پشاور جا رہی تھی کہ واقعہ پیش آیا۔

ادھر صوبائی وزیر داخلہ سندھ ضیاء الحسن لنجار نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے شکارپور پولیس سے واقعے کی تفصیلی رپورٹ طلب کرلی ہے، وزیر داخلہ نے سیکیورٹی صورتحال کا جائزہ لینے اور ذمہ داروں کے تعین کی ہدایت بھی کی ہے، جبکہ واقعے کی نوعیت جاننے کے لیے تحقیقات جاری ہیں۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US