کراچی کے علاقے کورنگی ساڑھے پانچ جی ایریا میں سامان بیچنے کے بہانے آنے والی خواتین نے اپنے ساتھی کے ساتھ مل کر گھر میں ڈکیتی کی واردات کر ڈالی۔ ملزمان نے خاتون کو بے ہوشی کا انجیکشن لگا کر نقدی اور قیمتی زیورات لوٹ لیے۔ واقعے کا مقدمہ زمان ٹاؤن تھانے میں متاثرہ خاتون کی مدعیت میں درج کر لیا گیا ہے۔
متاثرہ خاتون کے مطابق دروازہ کھولا تو ایک خاتون سامان فروخت کرنے آئی تھی۔ اسے اندر بلایا تو اس نے اپنی بیٹی کو فون کرکے مزید سامان لانے کا کہا۔ کچھ دیر بعد خاتون کی بیٹی کے ساتھ ایک لڑکا بھی زبردستی گھر میں داخل ہوگیا۔
مدعیہ کے مطابق لڑکے نے اسلحہ دکھا کر اسے بے ہوشی کا انجیکشن لگا دیا۔ جب اس نے مزاحمت کی تو لڑکے نے اس کا سر دیوار سے مار دیا جس سے وہ بے ہوش ہوگئی۔
خاتون کے ہوش میں آنے پر معلوم ہوا کہ ملزمان تجوری کھول کر 7 لاکھ روپے نقدی لے گئے ہیں۔ اس کے علاوہ 15 گرام کے دو سونے کے سیٹ، 4 انگوٹھیاں، ایک بریسلٹ اور موبائل فون بھی ساتھ لے گئے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ مقدمہ درج کر کے ملزمان کی تلاش شروع کر دی گئی ہے اور قریبی علاقوں کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی حاصل کی جا رہی ہے تاکہ ملزمان کو جلد گرفتار کیا جا سکے۔