راشد نسیم پاکستانی تاریخ میں انفرادی طور پر 150 گنیز ورلڈ ریکارڈ قائم کرنے والے پہلے کھلاڑی بن گئے ہیں۔ گنیز ورلڈ ریکارڈ کے آفیشل ڈیٹا اور ویب سائٹ کے مطابق راشد نسیم کے علاوہ دنیا کے کسی بھی کھلاڑی نے اب تک 150 عالمی ریکارڈ مکمل نہیں کیے۔
راشد نسیم نے انگلینڈ کے کھلاڑی جوش لیایا کا ریکارڈ توڑتے ہوئے ہاتھوں میں ایک کلو وزن پکڑ کر 333 پنچ مارنے کا عالمی ریکارڈ توڑا، جبکہ ایک منٹ میں 340 فل ایکسٹینشن پنچ ٹارگٹ پر ہٹ کر کے نیا ریکارڈ قائم کیا۔ اس موقع پر گنیز ورلڈ ریکارڈ نے راشد نسیم کے دو مزید عالمی ریکارڈز کی بھی منظوری دی۔
گنیز ورلڈ ریکارڈ نے راشد نسیم کا ایک انوکھا ریکارڈ بھی منظور کیا جس میں انڈے کو ہوا میں اچھال کر اخروٹ توڑنے اور پھر انڈے کو محفوظ انداز میں کیچ کرنے کا چیلنج شامل تھا۔ راشد نسیم نے ایک منٹ میں 80 مرتبہ اخروٹ توڑ کر جرمن ماسٹر کا 72 کا ریکارڈ توڑ دیا، جبکہ انڈا بھی نہیں ٹوٹا۔
اسی طرح نن چکو کیٹیگری میں بھی ایک نیا عالمی ریکارڈ منظور کیا گیا، جس میں نن چکو کو ہوا میں اچھال کر دوسرے ہاتھ سے کیچ کرنا شامل تھا۔ راشد نسیم نے یہ کارنامہ 36 مرتبہ انجام دیا، جبکہ انہیں گنیز ورلڈ ریکارڈ کی جانب سے 18 مرتبہ کا ٹارگٹ دیا گیا تھا۔
گنیز ورلڈ ریکارڈ کی جانب سے راشد نسیم کو تصدیقی ای میل موصول ہو چکی ہے اور تمام تفصیلات آفیشل ویب سائٹ پر جاری کر دی گئی ہیں۔
واضح رہے کہ راشد نسیم کے 2025 میں اب تک 31 عالمی ریکارڈ منظور ہو چکے ہیں جبکہ 2024 میں انہوں نے 28 عالمی ریکارڈ قائم کر کے پاکستانی تاریخ میں سب سے آگے رہے۔ راشد نسیم نے اپنا 150 واں عالمی ریکارڈ فلسطین کے نام کیا۔
راشد نسیم کا کہنا ہے کہ انہوں نے پوری دنیا میں پاکستان کا نام روشن کیا، تاہم تاحال حکومت کی جانب سے کوئی سرکاری پذیرائی نہیں ملی۔
راشد نسیم اب تک 40 سے زائد مرتبہ بھارت کو شکست دے چکے ہیں، جبکہ انہیں چین، امریکا، انگلینڈ، ایران اور سوئٹزرلینڈ کے عالمی ریکارڈ توڑنے کا اعزاز بھی حاصل ہے۔ پنچ کیٹیگری کے عالمی ریکارڈز میں راشد نسیم دنیا بھر میں سب سے آگے ہیں، جبکہ بریکنگ، نی اسٹرائیک، مارشل آرٹس ککس، اسٹک، نن چکو، اسکیپنگ اور جمپنگ جیکس میں بھی عالمی ریکارڈ بنانے کا اعزاز حاصل کر چکے ہیں۔