کراچی کے علاقے بھینس کالونی میں پسند کی شادی کرنے والے میاں بیوی کو فائرنگ کر کے قتل کر دیا گیا۔ پولیس کے مطابق فائرنگ کا واقعہ اس وقت پیش آیا جب لڑکی کے والد نے ساتھیوں کے ہمراہ اپنی بیٹی اور داماد پر اندھا دھند فائرنگ کی جس کے نتیجے میں ایک راہگیر شہری بھی زخمی ہو گیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ فائرنگ سے میاں بیوی موقع پر ہی جاں بحق ہو گئے۔ مقتولین نے ایک ماہ قبل پسند کی شادی کی تھی اور دونوں کا تعلق ٹھٹھہ سے تھا۔
واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے آئی جی سندھ جاوید عالم اوڈھو نے تفصیلی رپورٹ طلب کر لی ہے۔ دوسری جانب سکھن پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے اس واقعے میں ملوث دو ملزمان کو گرفتار کر لیا ہے۔ پولیس کے مطابق ملزمان کو ٹیکنیکل اور انٹیلی جنس معلومات کی بنیاد پر چند گھنٹوں کے اندر گرفتار کیا گیا۔
ابتدائی تفتیش کے مطابق ملزمان نے ساتھیوں کے ساتھ مل کر ذاتی رنجش کی بنیاد پر فائرنگ کی۔ پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کا مقدمہ قتل اور دیگر متعلقہ دفعات کے تحت درج کر لیا گیا ہے جبکہ مزید ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔زخمی شہری کو طبی امداد کے لیے قریبی اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے جبکہ پولیس واقعے کے دیگر پہلوؤں سے بھی تحقیقات کر رہی ہے۔