کیا پاکستان آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں شرکت کر کے 15 فروری کو بھارت کے خلاف کولمبو میں میچ کا بائیکاٹ کرے گا، پاکستان کرکٹ بورڈ کے ذرائع نے اصل کہانی بتادی۔
بھارتی اور پاکستانی میڈیا کے کچھ حلقوں میں یہ دعوے کیے جا رہے ہیں کہ پاکستان ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں تو شرکت کرے گا مگر بھارت کے خلاف میچ کا بائیکاٹ کرے گا اس سے وہ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کی تادیبی کارروائیوں سے بچ جائے گا۔ مگر پی سی بی کے ایک قریبی ذرائع نے بتایا کہ ابھی ٹیبل پر ایسا کوئی منصوبہ نہیں ہے۔ اگر پاکستان ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں شرکت کرے گا تو وہ اپنے سارے میچز سری لنکا میں کھیلے گا اور کسی میچ کا کوئی بائیکاٹ نہیں ہوگا۔
ذرائع نے بتایا کہ پی سی بی نے بنگلادیش کی کافی حمایت کی ہے ورلڈ کپ کے معاملے پر مگر اب بنگلا دیش حکومت نے کل ہی اپنی شوٹنگ ٹیم کو بھارت جانے کی اجازت دی ہے۔
ذرائع نے کہا کہ بنگلہ دیش کے ساتھ جو آئی سی سی نے کیا وہ غلط ہے مگر پی سی بی کو اپنا مستقبل اور آئی سی سی اور دوسرے کرکٹ بورڈ سے تعلقات کو بھی مدنظر رکھنا ہے، انہوں نے کہا کہ ابھی تک کوئی حتمی فیصلے نہیں ہوئے مگر کل یا پیر کو فیصلہ ہوجائے گا۔
ایک اور ذرائع نے بتایا کہ پاکستان کرکٹ بورڈ نے ورلڈ کپ کے اسکواڈ کی ہوائی سفر کی ساری تیاریاں مکمل کرلی ہیں، پاکستان ٹیم دو تاریخ کو کولمبو کے لیے روانہ ہوگی۔
بھارتی میڈیا نے یہ دعویٰ کیا ہے کہ پاکستان بھارت کے خلاف یہ کہہ کر میچ نہیں کھیلے گا کہ ان کی حکومت نے ان کو میچ کھیلنے کی اجازت نہیں دی ہے۔ پی سی بی ذرائع نے بتایا کہ ایسا کرنا مشکل ہوگا اس لیے کیونکہ پاکستان اور بھارت کے کشیدہ تعلقات کے باوجود دونوں ٹیمیں اب بھی نیوٹرل وینیوز پر ائی سی سی ایونٹس کے میچز کھیل رہی ہیں۔