منشیات اسمگلنگ کے خلاف اے این ایف کا کریک ڈاؤن، 3 خواتین سمیت 9 ملزمان گرفتار

image

اینٹی نارکوٹکس فورس (اے این ایف) نے تعلیمی اداروں کے اطراف اور ملک کے مختلف شہروں میں منشیات اسمگلنگ کے خلاف بھرپور کریک ڈاؤن کرتے ہوئے 8 مختلف کارروائیوں کے دوران 3 خواتین سمیت 9 ملزمان کو گرفتار کر لیا۔ کارروائیوں کے دوران 22 لاکھ روپے سے زائد مالیت کی 17.39 کلوگرام منشیات برآمد کی گئیں۔

ترجمان اے این ایف کے مطابق تعلیمی اداروں کے اطراف کی گئی کارروائیوں میں جموں روڈ سیالکوٹ کے قریب ایک ملزم سے 2.2 کلوگرام چرس برآمد کی گئی، جبکہ ہتار روڈ ہری پور میں یونیورسٹی کے قریب ایک اور ملزم سے 400 گرام چرس قبضے میں لی گئی۔ گرفتار ملزمان نے تعلیمی اداروں کے طلباء کو منشیات فروخت کرنے کا اعتراف بھی کیا ہے۔

دیگر کارروائیوں کی تفصیل بتاتے ہوئے ترجمان نے کہا کہ علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر قطر جانے والے ایک مسافر کے بیگ سے 1.080 کلوگرام آئس برآمد کر کے ملزم کو گرفتار کیا گیا۔ جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے کارگو شیڈ میں نیوزی لینڈ جانے والے ایک پارسل سے کپڑوں میں چھپائی گئی 880 گرام آئس برآمد کی گئی۔

اسی طرح چکلالہ گیریژن راولپنڈی میں واقع ایک کوریئر آفس میں امریکا سے آنے والے ایک پارسل سے 30 گرام ویڈ برآمد کر کے ملزم کو گرفتار کیا گیا۔ فتح چوک حیدرآباد کے قریب کارروائی کے دوران 2 خواتین اور ایک مرد ملزم سے 6 کلوگرام چرس برآمد کی گئی۔

راولپنڈی میں بس ٹرمینل کے قریب کارروائی میں ایک ملزم سے 3.6 کلوگرام چرس جبکہ موٹر وے ٹول پلازہ اسلام آباد کے قریب ایک خاتون ملزمہ کے بیگ سے 3.2 کلوگرام آئس برآمد کی گئی۔

ترجمان اے این ایف کے مطابق تمام گرفتار ملزمان کے خلاف انسدادِ منشیات ایکٹ 1997 کے تحت مقدمات درج کر کے مزید تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US