پی سی بی فیوچر اسٹارز ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام کا آغاز 11 فروری سے ہوگا

image

پی سی بی فیوچر اسٹارز ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام کا آغاز 11 فروری سے ہوگا، جس میں ملک بھر سے نوجوان کھلاڑیوں کو سلیکٹ کیا جائے گا۔

اوپن ٹرائلز یکم مئی تک ملک کے مختلف شہروں میں ہوں گے، جس میں کراچی، لاہور، ملتان، فیصل آباد، پشاور، کوئٹہ سمیت دیگر شہر شامل ہیں۔ سابق ٹیسٹ کرکٹرز اور ریجنل کوچز پر مشتمل سلیکشن پینل 15 شہروں میں اوپن ٹرائلز لے گا۔

ٹرائلز کے ذریعے 350 کے قریب ٹیلنٹڈ کھلاڑیوں کو منتخب کیا جائے گا، عاقب جاوید، مصباح الحق اور عبدالرزاق نوجوانوں کے ٹرائلز لیں گے، ہر ریجن سے زیادہ سے زیادہ 24 بہترین کھلاڑی شارٹ لسٹ ہوں گے، منتخب کھلاڑیوں کو چار ہفتوں کی خصوصی ٹریننگ دی جائے گی۔

ٹرائلز کے دن بہترین بیٹس مین، فاسٹ بالر اور اسپنر کو کیش انعام بھی ملے گا، منتخب کھلاڑیوں میں سے بہترین کھلاڑیوں کو نیشنل کرکٹ اکیڈمی کیمپس میں بھی بلایا جائے گا۔ کھلاڑیوں کو سال بھر پی سی بی ریجنل اکیڈمیز میں اسکل ڈیولپمنٹ بھی کروائی جائے گی۔

منتخب کھلاڑیوں کو مستقبل میں ڈومیسٹک کرکٹ اور پی ایس ایل میں سلیکشن کا موقع مل سکے گا۔

عاقب جاوید کا کہنا ہے کہ چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے پی سی بی فیوچر اسٹار ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام کو منظور کیا ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ پورا سال اب پلئیر ڈیولپمنٹ پر کام کیا جائے گا، ریجن اکیڈمیز اب جلدی شروع ہونے جارہی ہیں، پورے ملک میں ریجنز اکیڈمیز پر کام کیا جائے گا۔ پاکستان کرکٹ ٹیم کے لیے نئے ٹیلنٹ کو تلاش کرنے کی خاطر یہ سب شروع کیا جا رہا ہے۔

انھوں نے کہا کہ 16 نئی ریجن اکیڈمیز پر کام کرنے جارہے ہیں، ہر ریجن کی اپنی گراؤنڈ ہوگی جہاں ہر وقت سہولیات میسر ہوں گی، انڈر 19' انڈر 15 ' 17 پر بھی تمام سہولیات میسر ہوں گی، جن کھلاڑیوں کو بعض اوقات موقع نہیں ملتا یہ بنیادی طور پر ان کے لیے شروع کیا جا رہا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ آنے والے 3، 4 سال میں کرکٹ بہت آگے جانے والی ہے، یہاں ان اکیڈمیز میں پورا ٹیلنٹ تیار کیا جائے گا ان کھلاڑیوں کا ہر طرح کا خیال رکھا جائے گا۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US