آئی سی سی مینز ٹی 20 ورلڈ کپ 2026 کے لیے امپائرز کا اعلان کردیا گیا۔
پاکستان کے احسن رضا بھی ورلڈکپ میں امپائرنگ کے فرائض انجام دیں گے، بھارت اور پاکستان کے بڑے میچ میں دھرماسینا اور الِنگ ورتھ امپائر ہوں گے،
پاکستان اور نیدرلینڈز کے درمیان افتتاحی میچ میں کمار دھرماسینا اور وین نائٹس آن فیلڈ امپائر ہوں گے۔
افتتاحی میچ 7 فروری کو کولمبو کے سنہالیز اسپورٹس کلب گراؤنڈ میں کھیلا جائے گا۔
نیوزی لینڈ کے وین نائٹس پہلی بار ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں امپائرنگ کے فرائض انجام دیں گے، وین نائٹس پاکستان اور نیدرلینڈز میچ میں اپنے 50 ویں ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچ کی امپائرنگ کریں گے، اسکاٹ لینڈ اور ویسٹ انڈیز کے میچ میں نتن مینن اور سیم نوگاجسکی امپائر ہوں گے۔
آسٹریلیا اور آئرلینڈ کے میچ میں کرس گیفنی اور رچرڈ الِنگ ورتھ ذمہ داریاں نبھائیں گے، بھارت اور امریکا کے میچ میں پال ریفل اور راڈ ٹکر آن فیلڈ امپائر مقرر کیے گئے ہیں۔
گروپ اسٹیج میں مجموعی طور پر 24 آن فیلڈ امپائر فرائض انجام دیں گے، جن میں احسن رضا، رچرڈ کیٹل برو، لینگٹن روسیر اور دیگر سینئر امپائرز بھی شامل ہیں۔
سپر ایٹ اور ناک آؤٹ مرحلے کے امپائرز کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔
دوسری جانب آئی سی سی انڈر 19 مینز کرکٹ ورلڈ کپ کے سلسلے میں پاکستان انڈر 19 ٹیم کی بولاوایو ایتھلیٹک کلب میں ٹریننگ ہوئی۔
کھلاڑیوں نے کوچز کی نگرانی میں سناریو میچ میں حصہ لیا، کوچز نے بیٹرز اور بالرز کو مختلف ٹارگٹس دیے۔ سناریو میچ میں ٹیم مینٹور سرفراز احمد نے بھی وکٹ کیپنگ کے فرائض انجام دیے۔
آئی سی سی انڈر 19 مینز کرکٹ ورلڈ کپ کے سپر سکس مرحلے میں پاکستان اتوار کو بولاوایو میں بھارت کے ساتھ کھیلے گا۔
میچ مقامی وقت کے مطابق صبح ساڑھے 9 بجے شروع ہوگا۔