کراچی: صدر زینب النساء اسٹریٹ پر تاجر سے 80 لاکھ روپے کی ڈکیتی، ملزمان فرار

image

کراچی کے علاقے صدر زینب النساء اسٹریٹ پر دن دہاڑے تاجر سے بڑی ڈکیتی کی واردات پیش آئی، جہاں موٹرسائیکل سوار دو ڈاکو الیکٹرانکس کے تاجر سے 80 لاکھ روپے لوٹ کر فرار ہو گئے۔

ایس ایس پی ساؤتھ مہزور علی کے مطابق متاثرہ تاجر صدر کے علاقے میں واقع ایک بینک سے رقم نکال کر موٹرسائیکل کے ذریعے جا رہا تھا کہ ملزمان نے اسے نشانہ بنایا۔ واردات گزشتہ شام پیش آئی، جس کے بعد پولیس نے مقدمہ درج کر کے ملزمان کی تلاش شروع کر دی ہے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ ڈکیتی کے بعد ملزمان موقع سے فرار ہو گئے، جبکہ سی سی ٹی وی فوٹیج اور دیگر شواہد کی مدد سے تحقیقات کی جا رہی ہیں۔

واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے آئی جی سندھ جاوید عالم اوڈھو نے ایڈیشنل آئی جی کراچی سے تفصیلی رپورٹ طلب کر لی ہے۔ آئی جی سندھ نے ملزمان کی جلد گرفتاری کے لیے جدید ٹیکنالوجی سمیت تمام دستیاب وسائل بروئے کار لانے کی ہدایت دی ہے۔

انہوں نے متاثرہ تاجر کے بیان کی روشنی میں واقعے کی ہر پہلو سے شفاف اور جامع تحقیقات یقینی بنانے کی بھی ہدایت کی ہے۔

واضح رہے کہ دو روز قبل بھی کراچی کے علاقے کورنگی سنگر چورنگی کے قریب ایک پیٹرول پمپ پر ڈاکوؤں نے واردات کرتے ہوئے لاکھوں روپے لوٹ لیے تھے۔ پولیس کے مطابق اس واقعے میں کیشیئر بینک میں رقم جمع کروانے کے لیے نکلا تھا، تاہم اس کے ساتھ کوئی سکیورٹی گارڈ موجود نہیں تھا، جس دوران ڈاکو 33 لاکھ روپے چھین کر فرار ہو گئے تھے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US