پاکستانی اسپنرز نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے آسٹریلیا کی بیٹنگ لائن کو تہس نہس کر دیا اور 2018 کے بعد پہلی بار کینگروز کے خلاف ٹی ٹونٹی سیریز جیت لی۔ قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلے گئے دوسرے ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میں پاکستان نے آسٹریلیا کو محض 15.4 اوورز میں 108 رنز پر ڈھیر کر کے سیریز میں 0-2 کی ناقابلِ شکست برتری حاصل کر لی۔
پاکستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 199 رنز کا بڑا ہدف دیا۔ کپتان سلمان علی آغا نے جارحانہ بیٹنگ کرتے ہوئے صرف 40 گیندوں پر 76 رنز اسکور کیے، ان کی اننگز میں 4 چھکے اور 8 چوکے شامل تھے۔ سلمان نے 25 گیندوں پر نصف سنچری مکمل کی۔ ان کے بعد عثمان خان نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے 36 گیندوں پر 56 رنز بنائے۔
جواب میں آسٹریلوی بیٹنگ پاکستانی اسپنرز کے سامنے بے بس نظر آئی۔ شاداب خان اور ابرار احمد نے 3،3 وکٹیں حاصل کیں جبکہ عثمان طارق نے 2، محمد نواز اور سائم ایوب نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔ پاکستان کے تمام اسپنرز کامیاب رہے اور آسٹریلیا کی پوری اننگز میں صرف ایک اوور فاسٹ بولر نسیم شاہ نے کرایا۔
آسٹریلیا کی جانب سے کیمرون گرین نے 35 اور میتھیو شارٹ نے 27 رنز بنائے، تاہم دیگر بیٹسمین وکٹ پر جم نہ سکے۔ یاد رہے کہ پاکستان نے پہلا ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل بھی 22 رنز سے جیتا تھا۔