پاکستان انڈر 19 کرکٹ ٹیم سپر سکس مرحلے میں روایتی حریف بھارت کے خلاف اہم مقابلے کے لیے مکمل طور پر تیار ہے۔ میچ سے قبل قومی ٹیم نے کوئنز اسپورٹس کلب میں بھرپور پریکٹس سیشن کیا، جس میں کھلاڑیوں نے بیٹنگ، بولنگ اور فیلڈنگ پر خصوصی توجہ دی۔
پاکستان اور بھارت کے درمیان یہ ہائی وولٹیج مقابلہ اتوار کو کوئنز اسپورٹس کلب، بلاوایو میں کھیلا جائے گا، جو مقامی وقت کے مطابق صبح 9:30 بجے شروع ہوگا۔
اعداد و شمار کے مطابق پاکستان نے ایشیا کپ انڈر 19 کے فائنل میں بھارت کو 191 رنز سے شکست دی تھی، جبکہ انڈر 19 ورلڈ کپ میں دونوں ٹیمیں اب تک 10 مرتبہ آمنے سامنے آ چکی ہیں، جہاں پاکستان اور بھارت نے پانچ، پانچ میچز جیت رکھے ہیں۔ تاہم حالیہ پانچ مقابلوں میں پاکستان انڈر 19 ٹیم نے بھارت کے خلاف چار فتوحات حاصل کی ہیں۔
پاکستان انڈر 19 ٹیم کے کپتان فرحان یوسف نے پریکٹس سیشن کے بعد کہا کہ ٹیم کی تیاری بہت اچھی رہی ہے، نیٹس میں بھرپور پریکٹس کی گئی اور گزشتہ میچز میں ہونے والی غلطیوں سے سیکھا گیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ٹیم کا مورال بلند ہے اور کھلاڑی بہترین کارکردگی دکھانے کے لیے پُرعزم ہیں۔
دوسری جانب ٹیم کے کھلاڑی سمیر منہاس نے کہا کہ ٹیم نے ایک مشکل وکٹ پر سناریو بیسڈ میچ کھیل کر خود کو دباؤ کے حالات کے لیے تیار کیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ آج اسی گراؤنڈ پر پریکٹس کی گئی جہاں میچ کھیلا جائے گا، ٹیم کا ماحول مثبت ہے اور کھلاڑی اپنی اچھی فارم کو برقرار رکھنے کے خواہاں ہیں۔